پنجاب پولیس کو ملکی بقا و سلامتی کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں پر فخر ہے،آئی جی پنجاب

جمعہ 29 نومبر 2024 23:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو ملکی بقا و سلامتی کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں پر فخر ہے،پولیس و رینجرز کے جوان فرائض کی ادائیگی کے دوران شرپسندوں کی فائرنگ اور تشدد سے زخمی ہوئے،افسران نے جان کی پرواہ کئے بغیر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض سر انجام دئیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے ایس پی محمد فاروق بھٹہ، کانسٹیبلز سمیع اللہ، واجد علی اور رینجرز اہلکاروں کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی اورزیر علاج پولیس افسران و اہلکاروں اور رینجرز جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے زخمی پولیس اور رینجرز افسران و اہلکاروں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، رینجرز افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی کاوش سے تعمیر ہونے والے ٹریفک میس کا افتتاح کیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ون ونڈو لائسنسنگ مرکز کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے ون ونڈو مرکز پر مرکز پر لائسنسنگ سے متعلقہ سہولیات کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔انہوں نے شہریوں سے لائسنسنگ سے متعلقہ فراہم کی جانے والی سہولیات بارے استفسار کیا۔آئی جی پنجاب نے ون ونڈو مرکز کے عملے کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور بہترین سہولیات کی فراہمی و سروس ڈیلیوری کی ہدایت کی۔