سندھ امن ،محبت اور مہمان نوازی کی دھرتی ہے، ایازمیمن موتیوالا

سندھ کے لوگ کلچر ڈے منا کر پورے دنیا کو امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں،سماجی رہنما کی کلچر ڈے کے موقع پر پورے سندھ کو مبارکباد

پیر 2 دسمبر 2024 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2024ء) آل کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین وبانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر پوری سندھی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ امن ، محبت اور مہمان نوازی کی دھرتی ہے جبکہ سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی پہچان ہے، سندھ کی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی شان ہے سندھ ایک قدیم ثقافت رکھنے والا صوبہ ہے سندھی قوم باشعور، تعلیم یافتہ اور مہذب قوم ہے جس کی ثقافت اور روایات پوری دنیا میں مشہور ہیں ایک محب وطن شہری کی حیثیت سے ہم سب سندھ کی روایات اور ثقافت کی امین ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سندھی ثقافت کے موقع پر مختلف تقاریب میں شرکت کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں بڑے بڑے علمائے دین اور صوفیائے کرام نے اپنے قدم رکھے یہی وجہ ہے کہ اس دھرتی کو صوفیا کے دھرتی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ہے اور اس کے لیئے ہم کسی بھی طرح کی قربانی دینے کوتیار ہیں کیونکہ ہمارا ملک ہے تو ہم بھی ہیں اور یہی ہماری پہچان ہے، سندھی اپنی ثقافت سے محبت کرنے والی زند ہ قوم ہے جو اپنی ثقافت کو بھرپور انداز سے مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت بھائی چارگی پر مبنی ہے امن کا پیغام سندھی کلچر کی بہار ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے ، سندھی اپنا کلچر ڈے منا کر پورے دنیا کو امن و محبت کا پیغام دیتے ہیں کیونکہ محبت، امن ، بھارئی چارہ اور اخوت ہی ہماری ثقافت اور بزرگان دین کی تعلیمات کا حصہ ہے۔