Live Updates

عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ایک اور نام بھی ملوث تھاجو آج کل بہت قریب ہے

وہ کردار جب سامنے آئے گا تو بانی کے نیچے سے زمین نکل جائے گی، بانی جیل سے باہر نہیں آئیں گے بہت تاخیر ہوگئی ہے، دعا گو ہوں کہ فیض حمید اور حواریوں کی بات سزائے موت تک نہ جائے، سینیٹر فیصل واوڈا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 11 دسمبر 2024 23:24

عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ایک اور نام بھی ملوث تھاجو آج کل بہت قریب ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 11 دسمبر 2024ء ) سیاسی رہنماء سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ایک اور نام بھی ملوث تھاجو آج کل بہت قریب ہے،وہ کردار جب سامنے آئے گا تو بانی کے نیچے سے زمین نکل جائے گی، بانی جیل سے باہر نہیں آئیں گے بہت تاخیر ہوگئی ہے، دعا گو ہوں کہ فیض حمید اور حواریوں کی بات سزائے موت تک نہ جائے۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیض حمید پر چارج شیٹ کا مطلب شواہداور ثبوت جمع ہوگئے ہیں،اب سزاؤں کا تعین ہوگا۔ زیرزبر بھی گنجائش نہیں چھوڑتے جب اپنے لوگوں کا فوج احتساب کرتی ہے، دوسرے الزامات کی تفتیش چل رہی ہے ان میں ابھی چارج شیٹ ہونا باقی ہے، 9مئی کے علاوہ بھی احتجاج ہوئے ہیں ان کی بھی تحقیقات ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

فیض حمید نے جب شواہد اورثبوت دے دیئے ہیں تو کیا عمران خان بچ جائیں گے؟بیگم بشریٰ، حماد اظہر، مراد سعیدسب کیوں مفرور ہیں؟ عمران خان پر فائرنگ کیس کی تحقیقات ہوں گی ، ارشد شریف قتل کیس بھی ہے، عمران خان پر فائرنگ کیس میں ایک اور کردار سامنے آئے گا جب وہ سامنے آئے گا تو عمران خان کے پاؤں نیچے سے زمین نکل جائے گی، یہ بندہ عمران خان کو جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، اب میں اسی لئے کہتا ہوں کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے ان کی جان کا سودا کیا جائے گا۔

فیض حمید کو وزیراعظم کی آشیرباد حاصل تھی اور عمران خان نے ان کو بڑا استعمال کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کریڈٹ ہے کہ 70سالوں میں طاقتور کے احتساب کی بنیاد ڈالی ہے اب کوئی طاقتور انصاف کے کٹہرے سے نہیں بچ سکتا۔ جنرل باجوہ پر بھی الزام لگا سکتے ہیں لیکن جب وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس آئی ایک ہوجائیں تو آرمی چیف کیا کرسکتے تھے؟ فیض حمید کو وزیراعظم نے تعینات کیا تھا، لیکن جنرل باجوہ کا کریڈٹ کہ انہیں معلومات ملیں تو فیض حمید کو ہٹا دیا تھا۔ لیپ ٹاپ فون اور فیض حمید کے سہولتکار شواہد دیں گے تو سب سامنے آجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات