ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، مولانا عبدالغفور حیدری

جمعہ 13 دسمبر 2024 22:11

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2024ء) جمیعت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے سیاسی ٹمپریچر کو معتدل رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے، ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،ڈیلی ویجز ڈینگی ورکرز سمیت دیگر محکموں میں تمام ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں اپنے دورہ ملتان کے دوران مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی ملکی ترقی و خوشحالی،سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام محب وطن طبقات کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس بات پر بھی زور دیتی ہے کہ حکومت امن و امان کے قیام کے لیے مزید اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں،جن کے خلاف کوئی ایسا اقدام برداشت نہیں کریں گے کہ جس کی وجہ سے دینی مدارس میں بے چینی پھیلے۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ ملتان میں محکمہ صحت کے سینکڑوں ڈیلی ویجز ڈینگی ورکرز سمیت دیگر محکموں کے ڈیلی ویجرز کو بھی مستقل کیا جائے اور کسی کو بے روزگار نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب زرعی خطہ ہے، حکومت کاشتکاروں کو ریلیف دینے ، مہنگائی کے خاتمے، بجلی وگیس سمیت پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش نوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے مزید اقدامات اٹھائے،خود ساختہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سختی سے کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔