اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 14 دسمبر 2024ء) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے فیصلے کا اعلان کیا، ''کافی سوچ بچار کے بعد میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا مشکل فیصلہ کر لیا ہے۔‘‘ عامر نے مزید کہا کہ یہ فیصلے کبھی آسان نہیں ہوتے مگر کبھی نہ کبھی ان کا وقت آ جاتا ہے۔
بتیس سالہ عامر نے مزید لکھا، ''میرے خیال میں یہ درست وقت ہے کہ اگلی نسل پاکستانی کرکٹ کی کمان سنبھالے اور اسے نئی بلندیوں تک پہنچائے۔‘‘محمد عامر نے پاکستان کے لیے چھتیس ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں انہوں نے کل 119 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 61 میچز کھیل کر 81 وکٹیں لیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انہوں نے 62 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 71 وکٹیں حاصل کیں۔
(جاری ہے)
اونچ نیچ سے بھرا کیریئر
سن 2010 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ایک میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کرنے کی وجہ سے ان پر پانچ سال کی پابندی لگا دی گئی تھی۔ ان کے ساتھ سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی پابندی لگائی گئی تھی۔ تینوں کھلاڑیوں کو بعد ازاں انگلینڈ ہی میں جیل بھی کاٹنی پڑی تھی۔
محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل
محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا
محمد عامر کی ’واہ واہ‘ ہو گئی
سن 2016 میں عامر کی کرکٹ میں واپسی ہوئی اور پھر انہوں نے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
دسمبر سن 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر محمد عامر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی فرینچائز کرکٹ کھیلتے رہے۔ پھر انہوں نے سن 2024 میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا اور امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔اس وقت محمد عامر سری لنکا میں ٹی ٹین لیگ کھیل رہے ہیں۔
ع س / ع ت (اے ایف پی)