امریکہ کے پاکستانی میزائل پروگرام بارے تحفظات بے بنیاد ہیں،سینیٹر محمد عبدالقادر

پاکستان اور چین کی میزائل پروگرام میں شراکت امریکہ کو بلا وجہ کھٹکتی ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار

جمعہ 20 دسمبر 2024 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2024ء)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاکستان کے میزائل پروگرام کے بارے تحفظات بے بنیاد ہیں ،امریکہ کے پاکستان کے میزائل پروگرام کو اپنے لیے خطرہ قرار دینا دراصل پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کرنا ہے ،پاکستان ایک امن پسند ملک ہے پاکستان کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ،مشرق وسطیٰ اور یوکرائن کی جنگوں میں الجھا ہوا امریکہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر اپنے عزائم ظاہر کر رہا ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ امریکہ کا یہ کہنا کہ جوہری ہتھیار رکھنے والا پاکستان طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیتوں کو ترقی دے رہا ہے، جو بالاآخر اسے جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف، بشمول امریکہ پر نشانہ لگانے کے قابل بنا دے گا سراسر غلط ہے امریکی قومی سلامتی کے نائب مشیر جان فنر نے کہا کہ پاکستان کے اقدامات اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مقاصد کے حوالے سے "حقیقی سوالات" اٹھاتے ہیں ہمارے لیے پاکستان کے اقدامات کو امریکہ کے لیے ابھرتے ہوئے خطرے کے علاوہ کچھ اور سمجھنا مشکل ہے امریکی اہلکاروں کے ایسے تمام بیانات امریکی نئی چالوں کا پتہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک اہم امریکی اہلکار کا کہنا کہ پاکستان نے انتہائی جدید میزائل ٹیکنالوجی تیار کی ہے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نظام سے لے کر ایسے آلات تک جو بڑے راکٹ موٹرز کی جانچ کو ممکن بنائیں گے اگر یہ رجحان جاری رہا تو پاکستان کے پاس جنوبی ایشیا سے کہیں زیادہ دور اور امریکا سمیت باہر کے اہداف پر نشانہ لگانے کی صلاحیت ہوگی دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا ہیکہ امریکا عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات واضح ہیں، لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہاکہ پاکستان اور چین کی میزائل پروگرام میں شراکت امریکہ کو بلا وجہ کھٹکتی ہے دراصل امریکہ خطے میں بھارتی تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے اس لئے پاکستان اور چین کے اشتراک سے قائم کردہ کوئی پروگرام بھی امریکہ کے لئے قابل قبول نہیں پاکستان کو ہر قیمت اپنا پر امن میزائل پروگرام جاری رکھنا ہو گا پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے پاکستان اس حوالے سے بار بار اپنی پوزیشن واضح کر چکا ہے امریکہ بیانات کے پیچھے بھارت کی مظبوط لابی کار فرما ہے جسے پاکستان رد کرتا ہے۔