امیر مقام کی شانگلہ کے علاقے پاگوڑئی باغ سر میں شہید ہیڈ کانسٹیبل نثار علی خان کی رہائشگاہ آمد، اہل خانہ سے تعزیت

مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شریک رہی ہے اور شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی، وفاقی وزیر

پیر 23 دسمبر 2024 21:12

شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2024ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سوموار کو شانگلہ کے علاقے پاگوڑئی باغ سر میں شہید ہیڈ کانسٹیبل نثار علی خان کے رہائشگاہ گئے، انہوں نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفاقی وزیر نے شہید کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وفاقی وزیر نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دلاسہ دیا اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھرپور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے اپنی طرف سے نقد مالی تعاون کیا اور یقین دہانی کرائی کہ شہید کے خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے مرکزی حکومت کی جانب سے شہید پیکج دینے کا عہد بھی کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہادر سپوت ہمارے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہمارے لیے فخر کا باعث بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم متحد ہے اور حکومت و سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شریک رہی ہے اور شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ واضح رہے یہ واقعہ حالیہ دنوں گنانگر چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران پیش آیا جس میں ہیڈ کانسٹیبل نثار علی خان اور اے ایس آئی حسن خان نے اپنی جانیں قربان کرکے جام شہادت نوش کیا۔