اوپن یونیورسٹی اور فورم فار لینگویج انیشیٹیوزکے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب

منگل 24 دسمبر 2024 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور فورم فار لینگویج انیشیٹیوزکے مابین گذشتہ روز یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔رجسٹرار راجہ عمر یونس اور ایگزیٹوڈائریکٹر، فورم فار لینگویج انیشیٹیوز، فخرالدین اخونزادہ نے یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب کی صدارت ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس اینڈ ہومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی ایسی زبانیں ہیں جو معدومی کا شکار ہیں اور اس حوالے سے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس شراکت داری سے تحقیقی، تعلیمی خدمات، اساتذہ اور طلباء کے تربیتی پروگراموں کے ذریعے زبانوں پر کام کرنے میں آسانی میسر ہو گی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کاوش سے یونیورسٹی کے تمام ڈیپارٹمنٹس مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر فورم فار لینگویج انیشیٹیوز فخرالدین اخونزادہ نے کہا کہ بہت سے طلبہ دلچسپی ظاہر کرتے ہیں تاکہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو فروغ دے سکیں، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ مل کر تربیتی ورکشاپس، مشترکہ تحقیقی منصوبے،سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب میں شعبہ انگریزی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد کمال خان نے مفاہمتی یادداشت کے اغراض ومقاصد اور اگلے لائحہ عمل سے شرکاہ کو آگاہ کیا جبکہ شعبہ پاکستانی زبانوں کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ جان عابد اور پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔