نواز شریف کے پوتے زید حسین شریف کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاتی امراء میں منعقد ہوئی

بیرون ممالک سے بھی مہمانوں کی کثیر تعداد میں شرکت ،700 سے زائد مہمانوں کی آمد کے پیش نظر بڑی مارکی قائم کی گئی مہمانوں کو شدید سردی سے بچانے کے لئے ہیٹرز کا خصوصی اہتمام ،(ن) کی سینئر قیادت، وزراء بھی شریک ہوئے

اتوار 29 دسمبر 2024 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2024ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف کے پوتے اور حسین نواز کے صاحبزادے زید حسین شریف کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہوئی جس میں بیرون ممالک سے بھی مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔دعوت ولیمہ کی پر وقار تقریب کے لئے جاتی امرا ء میں 700 سے زائد مہمانوں کی آمد کے پیش نظر بڑی مارکی قائم کی گئی ،دعوت ولیمہ میں شریک مہمانوں کو شدید سردی سے بچانے کے لئے ہیٹرز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔

دعو ت ولیمہ کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف ،وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،سابق وزیراعلی حمزہ شہباز ،نواز شریف کی صاحبزادی اسما ء ڈار،صاحبزادوںحسین نواز اورحسن نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد ،وفاقی و صوبائی وزراء ، مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنمائوں سمیت بیرون ممالک سے بھی مہمان شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

دعوت ولیمہ کی تقریب کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ،جاتی امرا ء اور اطراف کے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔

جاتی امرا ء کے اطراف میں درختوں پر خوبصورت لائٹس لگا ئی گئیں جبکہ سڑک کنارے خوبصورت پھولوں والے گملے بھی رکھے گئے ، جاتی امرا ء کی ایک سائیڈ کی سڑک کو عام ٹریفک کے لئے مکمل بند رکھا گیا اور اسے دعوت ولیمہ میں مدعو مہمانوں کی گاڑیوں کے لئے مختص کیا گیا ۔ جاتی امرا ء کے اندر کے راستے کو بھی خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔