تمام اسلامی ممالک کو دیوار سے لگانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں،ثروت اعجاز قادری

پیر 30 دسمبر 2024 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2024ء)سابق وفاقی وزیر مذہبی امور جگر گوشہ حضور غزالی زماں صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی کی وفد کے ہمراہ قادری ہاؤس آمد پر آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔وفد میں ناظم اعلی جماعت اہلسنت پاکستان صوبہ سندھ علامہ مولانا اکرم سعیدی،محمد کاشف سعیدی،مہتمم جامعہ سعیدیہ کاظمیہ صاحبزادہ مولانا قاری محمد ایاز سعیدی اور سید زبیر احمد سعیدی شاہ شامل تھے۔

اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل PST علامہ نجیب اللہ زہری،صدر کراچی ڈویژن PST محمد جواد قادری،صدر مرکزی سوشل میڈیا PST محمد طحہ ثروت بھی موجود تھے۔ملاقات کے موقع پر مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری سے حامد سعید کاظمی کی اتحاد اہلسنت اور ملکی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اتحاد اہلسنت کو فروغ دینا ہوگا۔

اسلام مخالف قوتیں اور اسلام دشمن عناصر متحد ہو کر مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں۔یورپی ممالک کو چھوڑ کر کوئی بھی مسلم ملک ایسا نہیں ہے جہاں اندرون خانہ سازشیں نہ کی جا رہی ہوں۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک کو دیوار سے لگانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔مسلمانوں کی نسلوں کو تباہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا گستاخانہ مواد سے بھرے پڑے ہیں۔توہین رسالت توہین صحابہ و اہلبیت اور دیگر معتبر ہستیوں کی شان میں گستاخی کر کے ہمارے جذبات مجروح کیے جا رہے ہیں۔سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام کے خلاف غلط مواد کو پھیلایا جا رہا ہے۔معتبر ہستیوں کی کردار کشی غلط انداز میں کی جا رہی ہے۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ روز بروز دین اسلام کی شہرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

غیر مسلموں کا مسلمانوں کی دینی تعلیمات کا مطالعہ کرنے کے باعث پوری دنیا میں اسلام بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔اس تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسلام مخالف قوتیں دین اسلام کی تعلیمات کو دہشتگردی کا نام دے کر پابندیاں لگا رہی ہیں۔پاکستان میں بھی اسلام مخالف قوتوں اپنے ناپاک عزائم سرانجام دینے کے لیے دہشتگردانہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔ملک میں اتحاد اہلسنت کو ختم کرنے کے لیے ہماری صفوں میں ڈرانے ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ملک کی بقا و سلامتی کے لیے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔