پاراچنار کا مسئلہ مذاکرات سے حل کریں ،دھرنے مسائل کا حل نہیں ،علامہ طاہر الحسن

بدھ 1 جنوری 2025 17:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2025ء) پاراچنار کا مسئلہ مذاکرات سے حل کریں دھرنے مسائل کا حل نہیں ،مدارس بل پر دستخط خوش آئند ہے ۔یہ بات علامہ طاہر الحسن مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان علماء کونسل نے اپنے خصوصی بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پارا چنار کا مسئلہ کئی سالوں سے ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے جو جدو جہد ہو رہی ہے وہ خوش آئند ہے ، پاک فوج اور سلامتی کے اداروں نے ہمیشہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں مگر کچھ عناصر پاکستان کے حالات کو خراب کرنے میں پیش پیش ہیں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فسادات کے خاتمے کیلئے ملک کو اسلحہ سے پاک کرنا ہوگا۔

پارا چنار اور کرم سے بھی دونوں فریقین سے اسلحہ واپس لینا احسن اقدام ہے اور فریقین کو قانون کی حکمرانی کیلئے اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے اپنے اختلافات ختم کر کے بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہوگی۔علامہ طاہر الحسن نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہونا احسن اقدام ہے ، تمام علماء کرام مبارکباد کے مستحق ہیں۔