لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن متاثر

شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ، مختلف شہروں میں 5 پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر اتار دی گئیں، موسم خرابی کے باعث 3 پروازیں منسوخ جبکہ 41 تاخیر کا شکارہوئیں، شدید دھند کے باعث موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 3 جنوری 2025 11:47

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن متاثر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 جنوری 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند ،فلائٹ آپریشن شدید متاثر،موٹر ویز بھی بند کر دئیے گئے،شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی،شدید دھند کی وجہ سے پنجاب کے مختلف شہروں کے اندر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے اور ٹریفک پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ ڈرائیورز کو فوگس لائٹس کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے۔ مختلف شہروں میں 5 پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر اتار دی گئیں، موسم خرابی کے باعث 3 پروازیں منسوخ جبکہ 41 تاخیر کا شکار ہیں۔رن وے کے اطراف میں حد نگاہ 150 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شدیددھند کی وجہ سے جدہ سے آنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 738 کو لینڈنگ کی اجازت نہ ملی اور طیارے کا رخ اسلام آباد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوگیا۔ 5 پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر اتاری گئی ہیں جبکہ خراب موسم کیوجہ سے 3 پروازیں منسوخ اور 41 کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئیں۔کراچی سے لاہور کیلئے پرواز پی اے 401 منسوخ کردی گئی، اسلام آباد سے گلگت کی پروازیں پی کے 601 اور602 بھی منسوخ کردی گئیں۔اسی طرح فلائٹ شیڈول کے مطابق کویت سٹی سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 240 لاہور اتار دی گئی۔

دھند کے باعث جدہ فیصل آباد کی پرواز پی کے 764 بھی لاہور اتار لی گئی۔ جدہ سے لاہور کی 2 پروازیں ایس وی 738 اور ایف ایل 587 کی اسلام آباد میں لینڈنگ ہوئی جبکہ دبئی سے لاہور کی پرواز ای آر 724 کو بھی اسلام آباد میں اتار لیا گیا۔حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی فلائٹ کا شیڈول معلوم کرلیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جاسکے۔

اسی طرح شدید دھند کے باعث موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا۔ موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم تک بھی بند کر دی گئی ہے۔موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک ٹریفک کیلئے بند ہے، موٹر وے ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے۔