اس وقت سندھ کا سب سے اہم ایشو چھ کینالز منصوبہ ہے جس پر پیپلز پارٹی نے منافقانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے، ڈاکٹرصفدرعباسی

26ویں آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتے، 8 فروری کو انتخابات کے نام پر بوگس عمل ہوا، اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کیلئے آکسیجن ہے، سیاستدان اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے،جی ڈی اے جنرل سیکرٹری کی پریس کانفرنس

جمعہ 3 جنوری 2025 21:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2025ء)گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے جنرل سیکریٹری سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت سندھ کا سب سے اہم ایشو چھ کینالز منصوبہ ہے جس پر پیپلز پارٹی نے منافقانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتے، 8 فروری کو انتخابات کے نام پر بوگس عمل ہوا، اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کیلئے آکسیجن ہے، سیاستدان اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے، ماضی کی طرح بیورو کریسی دکھائی نہیں دے رہی، معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ افسران مخبر بن گئے ہیں، جب ایس ایس پی سطح کا افسر اپنے ہاتھ سے چائے پلا رہا ہو تو پھر کیا ہو گا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان لین دین کا جھگڑا ہے، ان کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وہ حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صفدر عباسی نے کہا کہ پاکستان اور سندھ کی سیاست میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے کسی سے پوشیدہ نہیں ورکنگ جرنلسٹ کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے جہموریت کی بحالی اور امریت کے خلاف آواز بلند کی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں 8فروری کے بوگس عمل کی وجہ سے ایسے ایوانوں کا جنم ہوا جن کا عوام میں کوئی اچھا تاثر نہیں ہے یہ ایک غیر جمہوری اور غیر قانونی عمل تھا جس کے خلاف جی ڈی اے نے ٹوکن احتجاج ریکارڈ کرایا ہمارے اراکین کو ایک لاکھ 40ہزار ووٹ حاصل کرنے کے باوجود ہرایا گیا، ہمارے تین ارکان سندھ اسمبلی نے اب تک حلف نہیں اٹھایا ،سندھ میں اپوزیشن کو کنارہ سے لگا دیا گیا ہے قومی سطح کی سیاسی جماعتیں سندھ کی طرف دیکھیں اور اس تاثر کو ضائع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں کہ سندھ میں زرداری کے علاوہ دوسرا کوئی اور لیڈر نہیں ہے سندھ میں اگر تبدیلی نہیں آئی تو مزید دلدل میں پھنستے چلے جائیں گے۔

چھ کینالز منصوبہ کی منظوری کی تردید صدر کیوں نہیں کرتے گڑھی خدا بخش میں بھی خاموش رہے پیپلز پارٹی منافقانہ سوچ سے باہر نکلے گزشتہ 16سالوں سے سندھ پر حکومت کررہے ہیں وفاق کی جانب سے 20ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کو ایک کام بتادیں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں سندھ کے ہزاروں اسکولز اور ہیلتھ سینٹرز بند پڑے ہیں 60لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے ہر طرف کرپشن کا دور دورہ ہے، سندھ حکومت SIUTاور NICVD کی مثالیں دیتی ہے عوام کو سول ہسپتال حیدرآباد سول ہسپتال کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات سے بھی آگاہ کرے۔

صفدر عباسی نے کہاکہ جی ڈی اے دریا بچائو تحریک کے سلسلے آئندہ ہفتہ سے حیدرآباد میرپور خاص اور دیگر شہروں میں بیداری مارچ کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے جارہی ہے ہم پر امن جدوجہد لیکر چل رہے ہیں سندھ میں زراعت کے نظام کو تباہ برباد کردیا گیا ہے ان کی سمجھ میں یہ بات نہیں اتی کہ غیر اباد زمینوں کو اباد کرنے کے لئے آباد زمینوں کو غیر آباد کیوں کیا جارہا ہے جبکہ ہمارے پاس پہلے ہی پانی کی قلت ہے ،سندھ میں ہر سال 20 سے 30فیصد پانی کی کمی رہی ہے ۔

صفدر عباسی نے کہا کہ ہمیں فریش مینڈیٹ کے بارے میں سوچنا چائیے ہماری ہر چیز فروخت ہوچکی ہے جبکہ سیاستدانوں کیلئے سیاسی اسپیس انکروچ ہوچکی ہے سندھ کے عوام کے پاس جی ڈی اے کے علاوہ اور کوئی دوسرا پلیٹ فارم موجود نہیں ہے، سندھ کے پانی کے مسئلہ پر پیرپگارا نے مضبوط اسٹینڈ لیا ہے اور ہم میدان میں موجود ہیں۔