شہدائے القدس بلاامتیاز رنگ و مسلک کامیاب اور جنتی ہیں،متحدہ علماء محاذ

ْحکومت پاراچنار کو مکمل طور پر اسلحہ سے پاک اور پرامن بنائے،امدادی قافلوں پرحملوں کی مذمت

بدھ 8 جنوری 2025 04:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے شہید القدس جرنیل قاسم سلیمانی کے چوتھے یوم شہادت پر انہیں بیت المقدس کیلئے گراں قدر خدمات و کردار اداکرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہدائے القدس بلاامتیاز رنگ و مسلک بارگاہ الٰہی بارگاہ رسالتؐ میں کامیاب و نجات یافتہ اور بلاشک و شبہ جنتی ہیں جنہوں نے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنی جان و مال ،گھرانہ ،خاندان رضائے الٰہی کیلئے قربان کردیا۔

شہدائے فلسطین نے وقت کے یزیدوں ،اسرائیلی، استعماری جارحیت و مظالم کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں کردار حسینی زندہ کیاہے۔ان خیالات کا اظہار محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری نے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں اپنی عیادت کیلئے آنے والے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

علماء نے کہا کہ شہدائے مقاومت فلسطین کی عظیم بے مثال لازوال قربانیاں اسرائیل و استعماری قوتوں کی عبرت ناک شکست اور بہت جلد بیت المقدس کی آزادی کیلئے معاون و مددگار حوصلوں ،جرأتوں ، جذبوں کا ذریعہ بنیں گے۔

علماء نے پاراچنار کی کئی ماہ سے جاری سنگین صورتحال اور قانون نافذ کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں ، امدادی قافلوں پر حملوں کو عقل و شرع ، انسانیت کے منافی قرار دیتے ہوئے متفقہ معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔علماء نے کہا کہ پاراچنار میں شیعہ سنی علماء و عوام اپنے مشترکہ دشمن اور خونی ہاتھ کو پہنچانیں۔

ملکی امن و استحکام عدل و انصاف، اخوت اسلامی کیلئے متحد و بیدار ہوجائیں۔ وفاقی و صوبائی حکومت قیام امن اور ضروریات زندگی بحال کرنے میں ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کریں۔ پاراچنار کو مکمل طور پر اسلحہ سے پاک اور پرامن بنایاجائے۔علماء نے مولانا انصاری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور امن واتحاد کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

عیادت و اظہار خیال کرنے والوں میںحجة الاسلام علامہ مرزایوسف حسین، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود،شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک،مولانا پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی،علامہ سید محمد عقیل انجم قادری، مولانا منظرالحق تھانوی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مولانا قاری محمد اقبال رحیمی ودیگر شامل ہیں۔