Live Updates

مذاکرات کی کامیابی کیلئے مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیتوں پر 100فیصد شک ہے

یہ صرف وقت گزاررہے ہیں ان کے مقاصد کچھ اور ہیں، یہ بانی کو باہرنکالنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں، میری دعا ہےکہ اگر دو نمبری ہورہی ہے تو بھی مذاکرات کامیاب ہوں۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 جنوری 2025 22:41

مذاکرات کی کامیابی کیلئے مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیتوں پر 100فیصد شک ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 13 جنوری 2025ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیتوں پر 100فیصد شک ہے،یہ صرف وقت گزاررہے ہیں ان کے مقاصد کچھ اور ہیں، یہ بانی کو باہرنکالنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری اوقات نہیں کہ مذاکرات کو کامیاب یا ناکام بنادوں، مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیتوں پر 100فیصد شک ہے، پی ٹی آئی والے وقت گزاررہے ہیں ان کے مقاصد کچھ اور ہیں ،مذاکرات کے ذریعے بانی کو باہرنکالنے کیلئے پی ٹی آئی سنجیدہ نہیں ہے۔

بہت سے لوگوں کے ہاتھ میں گیم آگئی ہے۔مجھے ایسے ہی ٹارگٹ کررہے کہ مذاکرات ناکام ہوں۔ میری دعا ہے کہ اگر دو نمبری ہورہی ہے تو بھی مذاکرات کامیاب ہوں ۔

(جاری ہے)

ایک بھی نکتہ ایسا نہیں کہ مذاکرات کامیابی کی طرف جائیں۔ پی ٹی آئی کا مقصد کامیابی نہیں بلکہ وہ بندہ ڈھونڈ رہے ہیں جس پر ناکامی کا ملبہ ڈالا جائے، یہ مذاکرات کے ذریعے وقت ضائع کررہے ہیں ان کے مقاصد کچھ اور ہیں، یہ مذاکرات نہیں بلکہ مذاق رات ہیں۔

میاں نوازشریف سمیت پارٹی لیڈر شپ مذاکرات کے حق میں ہے، رانا ثناء اللہ اور دیگر ساتھی بھی مذاکرات کے حق میں ہیں، میں بھی مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن یہ خود مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں چالیس سال سے پریکٹس کررہا ہوں ،میں نے دیکھا تھا کہ جس کے خلاف کیس ہو وہ گھبراتا ہے کہ فیصلہ پتا نہیں کیا آئے گا، وہ پریشان بھی ہوتا ہے۔

پہلی بار دیکھا ہے کہ فیصلہ عمران خان سے ڈر رہا ہے، عمران خان اور ہم نے باربار درخواست کی کہ فیصلہ جلد از جلد سنایا جائے، توشہ خانہ کیس، عدت اور سائفر کیس کا فیصلہ آیا تھا اس وقت بھی حکومتی وزراء کہتے تھے کہ بہت بڑے کیسز ہیں، ان کیسز میں سزائیں تو سنائی گئیں لیکن ہائیکورٹ میں سزائیں ختم کردی گئیں۔ عمران خان کو پتا ہے کہ اگر نچلی عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا تو ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ میں انصاف ملے گا۔

ہمیں بتایا گیا کہ ساڑھے گیارہ بجے کیس کا فیصلہ ہوگا، ہم بشری بی بی سمیت وہاں پہنچ گئے، لیکن جج نے فیصلہ 17تاریخ تک مئوخر کردیا، ان کو شاید فیصلے کیلئے تاخیر کرنے کی ہدایات تھیں۔ لگتا یہی ہے کہ فیصلہ نہ سنانا تلوار لٹکا کر مذاکرات میں فائدہ اٹھانے کی کوشش ہے، یہ تلوار نہیں ہے کیونکہ عمران خان تو کہتے فیصلہ جلدی کریں،فیصلے میں تاخیر کرکے فائدہ اٹھانے کی حکومت کی غلط فہمی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات