ماہرین فلکیات نے ماہ شعبان کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی

ماہ رجب کے تیسرے عشرے کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں چند ہی دن باقی رہ گئے

muhammad ali محمد علی منگل 21 جنوری 2025 19:04

ماہرین فلکیات نے ماہ شعبان کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری 2025ء ) ماہرین فلکیات نے ماہ شعبان کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی، ماہ رجب کے تیسرے عشرے کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد میں چند ہی دن باقی رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں شعبان کا چاند30جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ہے، چاند کی پیدائش 29 جنوری کی صبح 5 بجکر 36 منٹ پر ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی،چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔ یوں 30 جنوری کو ماہ شعبان کا چاند نظر آ جانے کا قوی امکان ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے بھی ماہرین فلکیات کی اہم پیشن گوئی بھی سامنے آئی ہے۔ اس سال رمضان المبارک کا آغاز ماہ مارچ میں ہوگا،کچھ ممالک میں اس کا آغاز یکم مارچ اور کچھ کا 2 مارچ ہوگا،سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی مغربی اور یورپی ممالک میں یکم رمضان یکم مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔

(جاری ہے)

عید الفطر، 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر کو آنے کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستان میں رواں سال 2025 میں یکم رمضان المبارک اور عیدالفطر کب ہو گی اس کی متوقع تاریخیں سامنے آ گئی ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند 28 فروری یا یکم مارچ کو نظر آئے گا۔ اس طرح یکم رمضان المبارک یکم مارچ یا 2 مارچ کو ہوگا۔اسی طرح عیدالفطر کا چاند 29 یا 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے۔

یوں عیدالفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جائے گی۔پاکستان میں رمضان المبارک اور عید کے چاند نظر آنے کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ واضح رہے رمضان المبارک قمری سال کا نواں مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ہے۔ اس ماہ مبارک میں اہل اسلام نماز فجر کا وقت شروع ہونے سے نماز مغرب تک اللہ کی رضا کے لیے بھوکا پیاسا رہ کر روزہ رکھتے ہیں اور عید اللہ تعالی کی جانب سے اپنے ان ہی روزہ دار بندوں کے لیے ایک انعام ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں یکم جنوری کو ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا تھا جس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کی آمد کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ دوسری جانب ماہرین موسمیات کی بھی اہم پیشن گوئی سامنے آئی ہے۔ رواں سال ماہ صیام کا آغازموسم سرما کے اختتام اور موسم بہارکا آغاز پر ہورہا ہے،گزشتہ سالوں کی نسبت روزے قدرے ٹھنڈے ہوں گے۔ توقع ہے کہ کئی عرب ممالک مثلا سعودی عرب ، امارات ، قطر ، کویت اور مصر سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان کے ابتدائی ایام میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 گھنٹے ہوگا۔