Live Updates

بزدل اسرائیل شکست کے بعد امریکا کو جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے

امریکی مداخلت سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، انڈیا کی جارحیت کے مقابلہ میں پوری قوم بنیان مرصوص بن گئی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 جون 2025 22:11

بزدل اسرائیل شکست کے بعد امریکا کو جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون 2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکریٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے نہتے مظلوم فلسطینیوں کا قتلِ عام کیا، وحشیانہ اور جنگی جرائم کے ارتکاب کے ساتھ خیمہ بستیوں، رہائشی علاقوں، سکولز، اسپتالوں، امدادی کیمپوں سمیت پوری غزہ پٹی میں بمباری کرکے تباہی پھیلادی لیکن اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا، اب بزدل، شکست خوردہ اسرائیل امریکہ کو جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کررہا ہے۔

ایران-اسرائیل جنگ میں امریکہ کی براہِ راست مداخلت تیسری عالمی جنگ کا نقارہ ہوگا، یہ اب ممکن نہ ہوگا کہ امریکہ اسرائیل کی ناجائز حمایت اور سرپرستی کرے اور اپنے آپ کو یک محوری (یونی پولر)طاقت بنالے،چین اور روس کو اپنی بقا اور ساکھ کے ساتھ دنیا کو نئی غلامی سے بچانے کے لیے اِس میدان میں براہِ راست آنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اسلامی ممالک کے داخلی و خارجی سطح ہر اپنے اپنے چیلنجز ہیں لیکن عالمی محاذ پر بڑھتے خطرات کے مقابلہ کے لیے عالمِ اسلام کا اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے۔

مِلتِ اسلامیہ کی قیادت کو دلیرانہ، جرات مندانہ اور مدبرانہ فیصلہ کرکے اعلیٰ مقاصد کے حصول کو ترجیح بنائیں اور ایک ایجنڈا بن جائے۔
لیاقت بلوچ نے لاہور ہائیکورٹ جاوید اقبال آڈیٹوریم میں فلسطین کانفرنس میں شرکت کی اور لاہور چیمبر آف کامرس کے کانفرس ہال میں ”بین المذاہب ہم سب پاکستانی ہیں ”کانفرنس سے خطاب کیا اور جماعتِ اسلامی کے مرکز منصورہ میں سیاسی امور پر وفود اور تنظیمِ اسلامی، البصیرہ اور جماعتِ اسلامی کے نمائندگان سے دینی جرائد قومی کانفرنس کے امور پر مشاورت میں کہا کہ وقت اور حالات نے ثابت کردیا ہے کہ مغربی سرمایہ دارانہ نظام، جاگیردارانہ وڈیرہ شاہی نیٹ ورک، مغربی تہذیب سرمایہ دارانہ نظام اور مادر پدر آزاد، اخلاق باختہ لادینیت نے پوری دنیا میں انسانوں کو ناقابلِ تلافی بحرانوں، مشکلات اور تباہی سے دوچار کیا ہے، ظالم اور مظلوم کی جنگ میں اہلِ حق کو اسلام اور اعلیٰ نظریاتی کردار کے ساتھ بابرکت اسلامی نظام کے ثمرات سے انسانیت کو بہرہ مند کرنا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انڈیا کی جارحیت کے مقابلہ میں پوری قوم بنیان مرصوص بن گئی، اللہ تعالیٰ نے عظیم کامیابی عطا کی، افواجِ پاکستان نے دلیرانہ فرض ادا کیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوگیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی استحکام ہی اقتصادی استحکام کی کلید ہے۔، پاکستان میں اکثریت اور اقلیتیں سب ایک ہی آزاد ملک کے شہری ہیں، آئین کے مکمل نفاذ، عدل و انصاف کی آزادی، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، صوبائی خودمختاری کا آئین کے مطابق احترام، انسانی حقوق کا تحفظ، لاپتہ افراد کی بازیابی اور پاکستان کی آبادی کا انتہائی اہم جزو خواتین اور نوجوانوں کا اعتماد بحال اور مضبوط کرنا ہوگا۔

جماعتِ اسلامی آئین کی فرمانروائی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہدکرتے رہے گی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات