Live Updates

پی ٹی آئی 190 ملین پائونڈ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے، اگر 190ملین پائونڈ حکومت کو واپس کر دیئے جاتے تو القادر جیسی 50 یونیورسٹیاں بن سکتیں تھیں ، سینیٹرطلال چوہدری

بدھ 22 جنوری 2025 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 190 ملین پائونڈ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے، اگر 190ملین پائونڈ حکومت کو واپس کر دیئے جاتے تو القادر جیسی 50 یونیورسٹیاں بن سکتیں تھیں ، ن لیگی قیادت نے مشرف سے عمران خان تک آمریت کے کئی کیسز کا سامنا کیا ہر کیس میں سرخرو ہوئے ،جس این سی اے نے حسن نواز اور حسین نواز کو کلین چٹ دی اسی کے ساتھ 190 ملین پائونڈ سے متعلق عمران خان نے معاہدہ کیا تھا ۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ با نی پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ان کے ذاتی کاروبار کو نشانہ بنانے کے لیے این سی اے کو خط لکھ کر مخالفین کے لئے گڑھا کھودا ۔

(جاری ہے)

اللہ کی قدرت ہے کہ جو سچے تھے اللہ نے ان کو سچا ثابت کیا اور یہ لوگ اور پارٹی خود اس گڑھے میں گر گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں این سی اے نے تحقیقات شروع کی اور یہ تحقیقات چھ نومبر 2019 کو مکمل ہوئیں اس کے بعد ایک معاہدہ پاکستان کی حکومت اور این سی اے کے درمیان طے پا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بار بار کہا جاتا رہا کہ حسن یا حسین نواز شریف فیملی کی جانب سے خریدے گئے فلیٹ کی رقم کیسے آئی اور یہ منی لانڈرنگ سے بنا لیکن تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ایسا کوئی عنصر نہیں تھا ۔ تحقیقات کے بعد حسن اور حسین نواز کو کلین چٹ این سی اے برطانیہ نے دی یہ وہ برطانوی ادارہ ہے جس کی مثالیں بانی پی ٹی آئی لوگوں کو دیتے تھے کہ مغرب ، انصاف چہرہ دیکھے بغیر کرتا ہے ،وہاں سیاہ کو سفید نہیں اور سفید کو سیاہ نہیں کیا جاسکتا ۔

سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم سب کچھ کھا جائیں لیکن ہمیں کوئی پوچھے تک نہیں ، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی یہ لوگ پکڑے جاتے ہیں تو اسلام ٹچ دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب اور جہاں چوری ہوتی ہے تو اسی پر سوال اٹھتا اور پوچھ گچھ ہوتی ہے ،کبھی ان سے شوکت خانم سے متعلق کسی نے سوال نہیں اٹھایا کیونکہ وہ ٹرسٹ تھا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات