جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کی ڈپٹی اسپیکر آر ٹی کورنیلی کون نگو اکک کی قیادت میں پارلیمانی کاکس سے ملاقات

بدھ 22 جنوری 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) جنوبی سوڈان کی عبوری قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر آر ٹی۔ کورنیلی کون نگو اکک کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان کی قومی اسمبلی کی خواتین پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی) سے ملاقات کی۔وویمن کاکس کی جنرل اسمبلی کی رکن سیدہ شہلا رضانے معزز وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور افتتاحی کلمات ادا کیے۔

انہوں نے 2008 میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سرپرستی میں ڈبلیو پی سی کے قیام کا تعارف پیش کیا۔ گفت و شنید کے دوران آر ٹی۔ کورنیلی کون نگو اکک نے پاکستان میں قائم خواتین کی پارلیمانی کاکس طرز پر اپنی پارلیمان میں خواتین کاکس کے قیام کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سیاسی جماعتوں کے ٹکٹوں اور خواتین کی منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے مختص کردہ مخصوص نشستوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

آر ٹی۔ کورنیلی کون نگو اکک نے جنوبی سوڈان کی عبوری قانون ساز اسمبلی کی لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے اور اسکولوں میں باقاعدگی سے حاضری کی حوصلہ افزائی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر زور دیا۔ سیدہ شہلا رضا نے صنفی مساوات کے فروغ میں پاکستان کی قومی اسمبلی کی کاوشوں پر روشنی ڈالی، جن میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے جینڈر مین اسیٹرنگ کے قیام کا ذکر شامل ہے۔

انہوں نے خواتین کے لیے مخصوص تھانے، ملک بھر میں پولیس فورسز میں خواتین کی شمولیت، خواجہ سراؤں کے لیے قومی شناختی کارڈ کی خدمات کی فراہمی، خصوصی صلاحیتوں کی حامل خواتین کو بااختیار بنانا، اور غیرت کے نام پر قتل کے تدارک کے لیے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ پارلیمانی تبادلے برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔