خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین پرلاٹھی چارج اورآنسوگیس بدترین فسطائیت ہے ، فضل اللہ دائودزئی

جمعہ 24 جنوری 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) پاکستان مسلم لیگ( ن )کے صوبائی نائب صدر فضل اللہ داؤدزئی نے خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین پر لاٹھی چارج اورآنسوگیس کی شیلنگ کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت اس ظلم وزیادتی کیخلاف سرکاری ملازمین کیساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کا سرکاری ملازمین پرلاٹھی چارج اورآنسوگیس بدترین فسطائیت ہے جس کی پرزورمذمت کرتے ہیں تمام سرکاری ملازمین کو اپنے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی جائے سرکاری ملازمین اپنے معاشی حقوق کیلئے آوازبلندکررہے ہیں جوان کا بنیادی حق اورحکومت وقت کی ذمہ داری ہے ۔

صوبائی حکومت کے پاس خوداسلام آباد میں مظاہروں کا حق حاصل ہے لیکن اپنے ہی صوبے کے ملازمین پر ظلم وبربریت کابازارگرم کرکے اس نے فسطائیت کی بدترین مثال قائم کردی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات فوری طو رپر تسلیم کئے جائیں ہم ان کی مکمل حمایت کااعلان کرتے ہیں۔