پاک چین اسٹریٹجک تعاون سے باہمی فائدے بڑھیں گے، چینی سفیر

ہفتہ 25 جنوری 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2025ء) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں میں مزید ہم آہنگی کا عمل جاری رکھے گا تاکہ باہمی فائدے مند تعاون کو مزید گہرا کیا جاسکے۔ چینی نئے سال کے جشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی ایک ساتھ یہ جشن مناتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ یہ تعاون سی پیک کے جدید ورژن کو بھی فروغ دے گا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین۔ پاکستان کمیونٹی کی تعمیر میں تیزی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے اور غیر سی پیک منصوبے، دونوں تجارتی تعاون کے منصوبے اور ترقیاتی تعاون کے منصوبے نہ صرف پاک۔ چین تعاون کی پختگی اور یقین کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ یہ چین اور پاکستان کے مابین ہمہ جہت عملی تعاون کی وسعتوں کو بھی ظاہر کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کی معیشت نے اپنے اہم متوقع اہداف اور مواقع کو آسانی سے حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کے حجم میں اضافہ ہوا ہے، ڈھانچے کو بہتر بنایا گیا ہے اور نئی رفتار سے چلایا گیا ہے۔ چین کی جی ڈی پی پہلی بار 130 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر گئی ہے، 134.9 ٹریلین یوآن آر ایم بی تک پہنچ گئی ، جو سال بہ سال 5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اعلی معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دیا ہے کیونکہ 155 ممالک بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں شامل ہو چکے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ 2024 میں بیلٹ اینڈ روڈ میں شریک ممالک کے ساتھ چین کی مجموعی تجارت 22 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر گئی جو سال بہ سال 6.4 فیصد اضافہ ہے جو چین کی مجموعی غیر ملکی تجارت کی قدر کا 50.3 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مزید خوبصورت ایوان کی تعمیر کے لئے پانچ نکاتی تجویز پیش کی، برکس تعاون کی اعلی معیار کی ترقی کی حمایت کے لئے آٹھ عملی اقدامات اور عالمی ترقی کے لئے چین کے آٹھ اقدامات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں نے عالمی گورننس کی اصلاحات کو آگے بڑھایا ہے، گلوبل تعاون کی یکجہتی کو مضبوط کیا ہے اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کی طرف نئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ گزشتہ سال 2024 میں ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ پاکستان کی نئی حکومت نے مختلف اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے، قومی ترقی میں نئی پیش رفت حاصل کرنے اور پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پاکستان کی جی ڈی پی میں 3.5 فیصد اضافے کی توقع ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پاکستان کا کرنٹ اکانٹ سرپلس 15 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، غیر ملکی سرمایہ کاری اور بیرون ملک ترسیلات زر دونوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح 7 سال کی کم ترین سطح پر آگئی اور زرمبادلہ کے ذخائر تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یکم دسمبر کو خنجراب پاس نے سال بھر کا آغاز کیا جبکہ 30 دسمبر کو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ سی فائیو کی تعمیر کا باضابطہ آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ نئے مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری پاکستان کی کل غیر ملکی سرمایہ کاری کا 40 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنی پہلی کمرشل پرواز کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ چند روز قبل چینی ماہرین کی ٹیم نے پاکستان کا سفر کیا اور پیدائشی دل کے امراض میں مبتلا بچوں کا کامیاب آپریشن کئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا موضوع ''چینی نیا سال، ہم مل کر جشن مناتے ہیں''ہے۔ ہمارے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، سخت محنت کرنے اور جرات مندانہ طور پر آگے بڑھنے، دوستانہ تعاون کے علمبردار بننے، تہذیبوں کے درمیان باہمی سیکھنے کو فروغ اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر میں شریک ہونے اور مشترکہ طور پر چین ۔پاکستان تعلقات کے لیے مزید روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے تیار ہیں۔