طلباء وطالبات کی تعلیم کے ساتھ کیئریئر کونسلنگ ضروری ہے‘ڈاکٹر محمد علی

جمعرات 30 جنوری 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2025ء)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ طلبائوطالبات کی تعلیم کے ساتھ کیرئیر کونسلنگ بہت ضروری ہے جس کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس کے زیر اہتمام ’دبئی میں مواقعوں کی تلاش‘پرالرازی ہال میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایلومنائی آفس پروفیسر ڈاکٹر حامد سعید،دبئی کے معروف کیرئیر ایڈوائزرصہیب حسن ، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے آئی ٹی انکیوبیشن سنٹرکے قیام کے لئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے تعلیم کے ساتھ طلباء میں کاروباری سوچ کوپروان چڑھاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے طلباء تعلیم کے ساتھ زراعت کو فروغ دے کر والدین کو سپورٹ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ،سسٹم کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مذہب ، روایات اور کلچر کے مطابق مل کر آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات ڈگری لینے کے بعد گھرداری کے ساتھ خود کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں ۔

انہوں نے بہترین تقریب کے اانعقاد پر ایلومنائی آفس کی تعریف کی۔ڈاکٹر حامد سعید نے کہا کہ ایلومنائی آفس اپنے سابق طلباء کو یونیورسٹی سے جوڑے رکھنے کے لئے متحرک کردار ادا رکرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد طلباء کو مستقبل میں نوکریوں کے اچھے مواقع تلاش کرنے کے قابل بناناہے ۔ صہیب حسن نے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اچھی نوکری حاصل کرنے کیلئے طلباء کامہارت یافتہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبائوطالبات اپنے ہنرکے ذریعے معاشرے میں بہتری کا سبب بنیں گے۔