پیپلز پارٹی نے بی آئی ایس پی کے ذریعے کمزورخواتین کو خودمختار بنایا، فیصل میر

جمعرات 30 جنوری 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنما فیصل میر نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی کمزور ترین خواتین کو خودمختار بنایا ۔وہ این اے 127میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونیوالی سینکڑوں خواتین کے اعزاز میں ٹائون شپ میں ہونیوالی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرخرم فاروق، شہباز درانی، فرحت یاسمین اور عاطف معراج بھی موجود تھے۔تقریب میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظائف حاصل کرنے والی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ فیصل میر نے کہا کہ شازیہ مری اور روبینہ خالد کی محنت نے اس پروگرام کی توسیع اور افادیت میں بنیادی کردار ادا کیا، این اے 127 میں ہزاروں خواتین اس پروگرام سے فائدہ اٹھا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے کی کوشش کی مگر غریب خواتین کی دعائوں سے یہ ہمیشہ قائم رہیگا۔خرم فاروق نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کے بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دیئے جارہے ہیں، جب تک پاکستان قائم ہے ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پاکستان کی خواتین کو فائدہ پہنچایا جاتا رہے گا۔شہباز درانی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مہنگائی کے اس دور میں غریب خواتین کی خود مختاری کا سب سے بڑا سہارا ہے۔