وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ کی چین کے نئے قمری سال کی مناسبت سے تقریب میں شرکت

جمعرات 30 جنوری 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2025ء) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چین نے اپنے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے نئے قمری سال کی مناسبت سے چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے جمعرات کو منعقدہ تقریب میں کیا۔وفاقی وزیر امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ ایک متحرک اور فعال نشریاتی ادارہ ہے، چین نے اپنے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے جبکہ امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی مصنوعات دنیا بھر میں اپنے معیار اور مناسب قیمتوں کی وجہ سے مقبول ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر چن پنگ کا کہنا تھا کہ چین کا نیا سال خوش قسمتی کی علامت ہے، سپرنگ فیسٹیول چینی قوم کیلئے اہم ترین تہوار ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین -پاکستان تعاون ہر شعبے میں بے مثال ہے۔پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے چینی قوم کو قمری نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میں نئے ہوائی اڈے کی تعمیر سی پیک منصوبے کے تحت ایک اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چائنا میڈیا گروپ نہ صرف ہمیں چین کی ترقی اور اس کے نظام کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتا ہے، بلکہ سی ایم جی کی طرف سے چین کی کہانی صدر شی جن پھنگ کی زبانی عالمی برادری تک موثر طریقے سے پہنچائی جا رہی ہے۔تقریب کے دوران چین کے خوبصورت ثقافتی رنگوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ چائنا میڈیا گروپ کے سپرنگ فیسٹیول گالا کی دلکش جھلکیوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔