علاقائی مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، تمام ضروریات زندگی کی فراہمی میری سیاست کا محور ہے،حلقہ کے لئے بھرپور فنڈ دینے پر وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں، راجہ خرم نواز

پیر 3 فروری 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2025ء) قومی اسمبلی کے رکن و قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے کہا ہے کہ علاقائی مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، تمام ضروریات زندگی کی فراہمی میری سیاست کا محور ہے، آئندہ بجٹ میں مزید فنڈ سے علاقائی خوبصورتی اور ترقی میں اضافہ کریں گے ، وزیراعظم پاکستان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے حلقہ کے لئے بھرپور فنڈ دیئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 48 کے علاقوں برما ٹاون،کھنہ،ضیا مسجد،شکریال،گارڑن ٹائون اور پنڈوڑیاں کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے صدر رکن قومی اسمبلی و چیف وہیپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سابق ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

راجہ خرم نواز نے حلقہ این اے 48 کے علاقوں برما ٹاون،کھنہ،ضیا مسجد،شکریال،گارڑن ٹائون اور پنڈوڑیاں کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ برما ٹائون آمد پر اراکین قومی اسمبلی کا جگہ جگہ معززین علاقہ کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا ۔ معززین علاقہ نے بھرپور نعرہ بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اراکین قومی اسمبلی نے پانی ،گلیوں کی پختگی اور سیوریج کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

معززین علاقہ نے راجہ خرم نواز اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی علاقہ کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ خرم نواز نے کہا کہ علاقائی مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پولیس کو ہدایت دیتا ہوں کہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیں اور معززین علاقہ کی مشاورت سے علاقے کو منشیات سے پاک کریں۔

راجہ خرم نواز نے کہا کہ آپ کو تمام ضروریات زندگی کی فراہمی میری سیاست کا محور ہے، آئندہ بجٹ میں مزید فنڈ سے علاقائی خوبصورتی اور ترقی میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے لئے کام کریں میری ٹیم کا حصہ بنیں،جانے انجانے میں بعض قوتیں انتشار کی طرف نوجوانوں کو متوجہ کرتی ہیں ،انتشار سے بچیں اپنے,اپنے علاقہ اور پاکستان کا سوچیں۔

راجہ خرم نواز نے کہا کہ میرا دفتر اور گھر آپ کے لئے ہر وقت حاضر ہے،عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے حلقہ کے لئے بھرپور فنڈ دیئے ۔آپ سب نے آج جو عزت دی اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ راجہ خرم نواز نے راجہ امجد ،رشید اختر عباسی ،جانی لالہ ،ملک شہزاد ،راجہ خالد اور کھنہ،برما ٹائون ،وحید آباد، پنڈوڑیاں، ضیا مسجد، شکریال سے آئے تمام قائدین اور ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔