سندھ زرعی یونیورسٹی میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی منعقد

بدھ 5 فروری 2025 13:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی میں ایک بھرپور اور پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کی۔ ریلی میں اساتذہ، طلبہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ڈاکٹر اے ایم شیخ آڈیٹوریم سے شروع ہو کر مختلف شعبہ جات سے گزرتی ہوئی فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن پہنچی، جہاں پر شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ "پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ہر محاذ پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت خود کو ایک جمہوری ملک کہتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے، لیکن بھارت مسلسل ان قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں مدد کرے۔

سندھ زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، ڈاکٹر ظہور احمد سومرو، ڈاکٹر عبدالمبین لودھی، ڈاکٹر اعجاز سومرو، ڈاکٹر سلیم مسیح اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور پاکستان کے عوام ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کو آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، پاکستان کی ترقی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے دعا کی گئی۔