جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار و یکجہتی واک کا انعقاد

بدھ 5 فروری 2025 17:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر عبد القیوم خان تھے جبکہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یوم یکجہتی منانے کا مقصد کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور طالبات کے دلوں میں کشمیری عوام کے لیے یکجہتی اور آزادی کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔

دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

سینیٹر عبد القیوم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک 1947 سے جاری ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس مؤقف کو دہرایا کہ "کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے" اور یقین دلایا کہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بھارت کسی بھی بین الاقوامی قانون کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں اور ہندوتوا نظریے کے تحت کشمیر کے جغرافیہ اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

تقریب میں طالبات نے ملی نغمے، کلام اقبال اور کشمیری عوام کی قربانیوں پر مبنی ڈاکومینٹریز بھی پیش کیں ، جس نے حاضرین پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ طالبات نے کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے دعائیں کیں اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرے بلند کیے۔ آخر میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر ممکن سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔