قذافی اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب (کل )ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف افتتاح کریں گے

جمعرات 6 فروری 2025 15:53

قذافی اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب (کل )ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء) قذافی اسٹیڈیم لاہور کی افتتاحی تقریب کل (جمعہ ) ہوگی،وزیراعظم شہباز شریف افتتاح کریں گے،اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران معروف گلوکار پرفارم کریں گے، آتش بازی اور لائٹس شو کا بھی شاندار مظاہرہ ہوگا، تقریب میں داخلہ فری ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں دن رات کام کرنے پر پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کہا ورکرز کا شکریہ جنہوں نے ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی، اللہ تعالی نے ہمارا راستہ آسان کیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں 19فروری سے آغاز ہوگا، ایونٹ 9مارچ تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستانی اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح آج بروز جمعہ کو کو رنگا رنگ تقریب کے ذریعے کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ پرفارم کریں گے، اس موقع پر آتش بازی اور لائٹس شو کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا، عوام کیلئے افتتاحی تقریب میں داخلہ فری ہوگا۔

نئے تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 8فروری کو کھیلا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ذاتی طور پر تمام کاموں کا معائنہ کیا، صرف 117روز کی ریکارڈ مدت میں جدید ترین اسٹیڈیم تیار کیا گیا، زیادہ روشن ایل ای ڈی لائٹس، 2نئی پہلے سے بڑی اسکور سکرینز نصب کردی گئیں۔شائقین کرکٹ کے لئے ہر انکلوژرز سے میچ دیکھنے کا بہترین ویو ممکن بنایا گیا ہے، انکلوژرز کے آگے تمام جنگلے ختم کردیئے گئے، آرام دہ امپورٹڈ نشستیں نصب کی گئیں، نئے ہاسپٹالٹی باکسز، شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں دن رات کام کرنے پر پوری ٹیم کی تعریف کی کہا کہ سب سے پہلے ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹر اور پی سی بی کی ٹیمز نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا خواب حقیقت میں بدلا۔ان کا کہنا ہے کہ تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی اور اللہ تعالی نے ہمارا راستہ آسان کیا، ایک بڑے ٹاسک کی تکمیل پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر میں شامل ایک ہزار ورکرز کو آج بروز جمعہ کو دن ایک بجے ظہرانہ دیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی آج 7 فروری کو شام ساڑھے 7بجے کی جائے گی،شام کو کٹ کی رونمائی کے ساتھ قذافی سٹیڈیم میں لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیاہے ۔