سيبس یونیورسٹی جامشورو کی جانب سے ایرانی فن اور خطاطی پر ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 6 فروری 2025 16:36

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز، جامشورو نے ایرانی آرٹ اور کیلیگرافی پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا ،جس کی نظامت ایرانی خطاطی آرٹسٹ ڈاکٹر علی پیران نے کی۔ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر سيبس یونیورسٹی جامشورو پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے کہا کہ خطاطی منفرد انداز میں اظہار خیال کا ایک طریقہ ہے اور ڈاکٹر علی پیراں نے دو سال کے قلیل عرصے میں ایک منفرد خطاطی کے انداز میں قرآن پاک کو تحریر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سيبس یونیورسٹی نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری کے ماحول دوست پہلو پر کام شروع کیا ہے اور بہت ممکن ہے کہ یونیورسٹی، قرآن پاک اور اس کے امن اور بھائی چارے کے پیغام پر کام شروع کرے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی کیلیگرافی آرٹسٹ ڈاکٹر علی پیران نے کہا کہ میں نے قرآن پاک کو شکستہء نستعلیق فونٹ میں لکھا ہے جو خطاطی کا منفرد انداز ہے۔

ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص بسم اللہ کو ایک بار خوبصورت انداز میں لکھے گا اسے سيدھا جنت میں بھیج دیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے کہا کہ طلبہ کی زندگی بہت خوبصورت ہوتی ہے اور نوجوانوں کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا ہوگی اور کیرئیر کی ترقی کے لیے محنت کرنی ہوگی کیونکہ عملی زندگی کے مختلف تقاضے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کی طرف سے اپنی تصاویر بنانے کا خيال کافی پرکشش تھا اور مجھے امید ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں کامياب ہونگے اور اس ملک کے لیے بہتر کام کریں گے۔ خانہ فرہنگ، ایرانی کلچرل سنٹر حیدرآباد کے ڈائریکٹر رضا پارسا نے کہا کہ ایرانی حکومت، سيبس یونیورسٹی انتظامیہ کی شکر گزار ہے جس نے ایک نامور ایرانی آرٹسٹ کو طلبا کے ساتھ اپنی مہارت شیئر کرنے کے لیے مدعو کیا۔

انہوں نے کہا کہ خانہء فرہنگ پچاس سال سے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں ميں آرٹ اور نمائشوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور سيبس یونیورسٹی ایرانی ثقافتی مرکز کے ساتھ مسلسل تعاون کر رہی ہے۔ رضا پارسا نے کہا کہ ایرانی حکومت طلباء کو اسکالرشپس کی پیشکش کر رہی ہے اور چند دنوں ميں تقریباً پندرہ طلباء اپنی اعلیٰ تعلیم کے لیے ایران کا سفر کر رہے ہیں۔

چیئرپرسن فائن آرٹ ڈپارٹمنٹ فضل الٰہی خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر سيبس یونیورسٹی جامشورو پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو نے مہمانوں کو سندھی اجرک اور شیلڈز پیش کیں۔ افتتاحی تقریب میں مہران یونیورسٹی جامشورو کے سابق پروفیسر سید فرمان علی شاہ، سيبس یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔