سٹیڈیم کی تکمیل، چیئرمین پی سی بی کی مزدوروں سے ملاقات، بڑا اعلان

محسن نقوی مزدوروں کیساتھ گھل مل گئے، کھانا بھی کھایا، آج شام وزیراعظم افتتاح کیلئے آرہے ہیں، ان سے درخواست کرنی ہے کہ جن لوگوں نے اس میں کام کیا ان کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا جائے : بورڈ سربراہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 فروری 2025 15:39

سٹیڈیم کی تکمیل، چیئرمین پی سی بی کی مزدوروں سے ملاقات، بڑا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 فروری 2025ء ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کرنیوالے مزدوں کیساتھ کھانا کھایا اور ان کی نشستوں پر جاکر ملاقات کی۔ 
چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل قذافی سٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے 1500 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ دیا اور ان کی نشستوں پر جاکر ملاقات کی، محسن نقوی مزدوروں کیساتھ گھل مل گئے، کھانا بھی کھایا۔

 
محسن نقوی نے دن رات ایک کرکے اسٹیڈیم کو تکمیل کے مراحل تک پہنچانے پر ورکرز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ 
چیئرمین پی سی بی نے مزدوروں کو سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ دیکھنے آنے کی بھی دعوت دی۔

(جاری ہے)

 

چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر مزدوروں کیلئے مٹن قورمہ، چکن روسٹ اور بیف پلاؤ کے علاوہ گرم نان، کولڈ ڈرنکس، منرل واٹر اور کشمیری چائے کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ ان کی محنت پر انہیں سراہا جاسکے۔

 
 
 
 
 
ظہرانے کے وقت ایڈوائزر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، نیسپاک، پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزدوروں کیلئے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شام وزیراعظم افتتاح کیلئے آ رہے ہیں، ان سے بھی یہی درخواست کرنی ہے کہ جن بھی لوگوں نے اس میں کام کیا ہے ان کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا جائے۔
چیئرمین پی سی بی مزید کہا کہ کافی سارے لوگ پیغامات پر مبارک باد دے رہے ہیں کہ آپ نے سٹیڈیم بنا دیا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آپ لوگوں نے یہ سٹیڈیم بنایا ہے ، ایک لڑکے نے بتایا کہ میں دو مہینے سے گھر نہیں گیا، مزدوروں نے 14 ، 14 گھنٹے کام کیا ہے ، اچھی بات یہ ہے کہ اس میں بہت سارے ٹک ٹاکر بن گئے ہیں، ہم اسے مس کریں گے، ہم اگلے سٹیڈیم کی تعمیر کا انتظار کریں گے کہ جب وہ تعمیر ہو گا تو آپ اس میں واپس آئیں گے ۔

جو اپ ڈیٹ مزدور بھائیوں کے ٹک ٹاک ویڈیوز سے ملتی تھیں وہ کہیں سے نہیں ملتی تھیں۔