صدر آصف زرداری کی طیب اردگان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات ودیگر امور پر تبادلہ خیال

صدرمملکت نے پرتگال جاتے ہوئے استنبول ائیرپورٹ پر ترک ہم منصب سے ملاقات کی ، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 10 فروری 2025 12:05

صدر آصف زرداری کی طیب اردگان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات ودیگر امور پر ..
استنبول(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری 2025)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں صدور نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا،ایوان صدر اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پرتگال جاتے ہوئے استنبول ائیرپورٹ پر طیب اردگان سے ملاقات کی جہاں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔

صدر کا دورہ پرتگال کے دوران ترکی میں مختصر قیام تھا۔ترک صدر سے ملاقات کے دوران دونوں صدور کا خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا ۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میںدوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت آصف علی زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیلئے اس وقت پرتگال کے دورے پر ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کر گئے تھے۔اسماعیلی امامت دیوان کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پرنس کریم آغا خان چہارم کی نماز جنازہ 8 فروری 2025 کو صبح 11 بجے لزبن میں اسماعیلی سینٹر میں ادا کی جائے گی اور 9 فروری کو اسوان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پرنس کریم آغا خان کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی برادری کے 50 ویں امام بن گئے ہیں۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔حکومت پاکستان نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر 8 فروری کو یوم سوگ کا اعلان کیاتھا۔ پرنس کریم آغا خان انتقال پر یوم سوگ کے سلسلے میں 8 فروری کو ملک بھر میں قومی پرچم بھی سرنگوں رہا تھا۔

پرنس کریم آغا خان اپنے فلاحی کاموں اور انسانیت کی خدمت کیلئے جانے جاتے تھے۔پرنس کریم آغا خان 1936 میں سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے اور بچپن کے ابتدائی ایام نیروبی میں گزارے انہوں نے 1957 میں 20 برس کی عمر میں امامت سنبھالی تھی۔ پرنس کریم آغا خان پرنس علی خان کے بڑے بیٹے تھے۔ پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم تھے۔پرنس کریم آغا خان کو 11 جولائی1957 میں امام بنایا گیا تھا۔اس وقت ان کی عمر 20 برس تھی۔ پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان اسماعیلی تھے۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں صرف کی تھی۔