Live Updates

جب پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، تو بھارت خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے

ہم ملک کو دہشتگردی سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں گے، دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں کبھی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 جون 2025 23:44

جب پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، تو بھارت خطے ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 جون 2025ء ) چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جب پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، تو بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے، ہم دہشت گردی کیخلاف اپنی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ملک کو دہشتگردی سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں گے۔ پی ٹی وی نیوز کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 123ویں مڈ شپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں شاندار بحری روایات کی عکاسی کرتی 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد کی گئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ 123 ویں مڈشپ مین اور 31 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ ٹرم میں 127 مڈشپ مین شامل تھے جن میں بحرین کے 19، عراق کے 4 اورریاست فلسطین کے 2 مڈشپ مین موجود تھے۔

مزیدبراں، شارٹ سروس کمیشن کورس کے 23 کیڈٹس بھی کمیشننگ ٹرم کا حصہ تھے۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد  پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر نیول اکیڈمی کو سراہا۔ مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ممالک کے کیڈٹس کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرتی رہی ہے۔

بحرین، عراق، ریاستِ فلسطین، جمہوریہ جبوتی اور جمہوریہ ترکیہ کے کیڈٹس کی آج کی کمیشننگ پریڈ میں موجودگی پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ تربیتی معیارکی مظہر ہے۔ مزید برآں، پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ ایک اہم علاقائی بحری طاقت کے طور پر عالمی سی لائنز آف کمیونیکیشن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشیں طویل عرصے پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے عددی اعتبار میں خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف فوری اور فیصلہ کن ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ یہ کاروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی قومی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیمی اور  پیشہ وارانہ تربیت کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مضبوط ایمان و کرداراور مادرِ وطن کے لیے غیر متزلزل لگن کے حامل افسران تیار کرنے پر نیول اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔ بعدازاں، مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈشپ مین عبدالرحمان کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر کا حقدار قرار دیا گیا، جبکہ مڈشپ مین شایانِ حشمت نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔

آفیسر کیڈٹ محمد عزیر عباس کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، جبکہ ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ چوہدری محمد اعزاز طاہر کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ پروفیشنسی بینر کوارٹر ڈیک اسکواڈرن کے نام رہا۔ تقریب میں غیر ملکی مندوبین ،سرکاری حکام، پاک بحریہ اور دیگر دفاعی افواج کے افسران اور کمیشننگ آفیسرز کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں کامیابی کے قریب ہے، تو بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کو مکمل کامیابی تک پہنچائیں گے اور ملک کو اس سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائیں گے۔ ایسے وقت میں ہمیں کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے، جو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا پُرزور حامی ہے، بھارت جس جدوجہد کو "دہشت گردی" کہتا ہے، وہ دراصل ایک جائز اور قانونی آزادی کی جدوجہد ہے، جسے بین الاقوامی قوانین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سورہ ال عمران کی آیت 54 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی فرماتا ہے " انہوں نے چالیں چلیں، اور اللہ نے بھی تدبیر کی، اور بہترین تدبیر کرنے والا اللہ ہے۔

(سورہ آلِ عمران، آیت 54) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دنیا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل نہیں نکلتا، جنوبی ایشیا میں کبھی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، میں ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ان بہادر کشمیریوں کوجو آج بھی آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں، بھارت کی ظالم حکومت کشمیریوں کی ہمت اور حوصلے کو کبھی پست نہیں کر سکتی، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔

پاکستان کے دشمن مسلسل ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہمارا ترقی کا سفر جاری ہے، پاکستان ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہے۔ 
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات