جنوری میں ترسیلات زر میں کمی

دسمبر 2024 کے مقابلے میں 2025 کے پہلے ماہ میں کروڑوں ڈالرز کم موصول ہوئے، رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات کا مجموعی حجم 20 ارب 80 کروڑ ڈالرز ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 10 فروری 2025 20:38

جنوری میں ترسیلات زر میں کمی
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 10 فروری 2025ء ) جنوری میں ترسیلات زر میں کمی ، دسمبر 2024 کے مقابلے میں 2025 کے پہلے ماہ میں کروڑوں ڈالرز کم موصول ہوئے، رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات کا مجموعی حجم 20 ارب 80 کروڑ ڈالرز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال 2025 کے پہلے ماہ یعنی جنوری میں موصول ہونے والی ترسیلات زر کے اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔

سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ساتویں ماہ یعنی 2025 میں مالی سال کے چھٹے ماہ یعنی دسمبر 2024 کے مقابلے میں ترسیلات زر کے ماہانہ حجم میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دسمبر 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں ترسیلات زر کی مد میں کروڑوں ڈالرز کم رقوم موصول ہوئی۔ دسمبر 2024 کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستان کی جانب سے 3 ارب 8 کروڑ ڈالرز کی رقوم بھیجی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جنوری 2025 میں بیرون ممالک سے موصول ہونے والی رقوم کا حجم 8 کروڑ ڈالرز کی کمی سے 3 ارب ڈالرز رہا۔ جہاں جنوری میں اس کے گزشتہ ماہ کے مقابلے میں ترسیلات زر کے حجم میں کمی ہوئی، وہیں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں ترسیلات زر کے مجموعی حجم نمایا اضافہ بھی ہوا۔ ترسیلات زر کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے پہلے 7 ماہ یعنی جولائی 2024 تا جنوری 205 کے دوران مجموعی طور پر 20.8 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو گزشتہ مالی سال 2024 کی اسی مدت کے دوران موصول شدہ 15.8 ارب ڈالر کے مقابلے میں 31.7 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعلامیے کے مطابق جنوری 2025ء کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں۔ جنوری 2025 میں سعودی عرب سے 728.3 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 621.7 ملین ڈالر، برطانیہ سے 443.6ملین ڈالر اور امریکا سے 298.5 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔