پنجاب حکومت نے سارہ احمد کی بطور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو دوبارہ تعیناتی کی منظوری دیدی

سارہ احمد نے سابق وزیراعلی حمزہ شہباز،پرویز الٰہی ،نگران حکومت کے ادوار میں بھی فرائض انجام دئیے

بدھ 12 فروری 2025 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2025ء)پنجاب کابینہ نے سارہ احمد کی بطور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو دوبارہ تعیناتی کی منظوری دیدی۔سارہ احمد کو پہلی مرتبہ 2018ء میں بطور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو تعینات کیاگیا تھا،چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی دوبارہ تعیناتی کی سمری کے قانونی سقم کا بغور جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں سارہ احمد کی دوسری مرتبہ تعیناتی سے متعلق دو آرا ء سامنے آئیں،دوسری مرتبہ تعیناتی سے متعلق قانونی سقم پر وضاحت پیش کی گئی ،قانونی سقم میں وضاحت پیش کئے جانے پر سارہ احمد کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری دی گئی۔وزیراعلی کو چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں تعیناتی کی سفارش کی گئی۔پی ٹی آئی کے دور میں سارہ احمد کو سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے تعینات کیا تھا۔سارہ احمد نے سابق وزیراعلی حمزہ شہباز،پرویز الٰہی ،نگران حکومت کے ادوار میں بھی فرائض انجام دئیے۔