ملک میں باصلاحیت لوگوں کی نہیں دیانت دار و اہل قیادت کی کمی ہے،منعم ظفر خان

پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے 17سال میں شعبہ تعلیم کا بھی بیڑا غرق کیا ہے،گلبرگ ٹاؤن کے تحت ’’شائنگ اسٹار ٹیلنٹ ایوارڈ‘‘ کی تقریب سے خطاب تقریب میں مدارس سمیت میٹرک و انٹر میں نمایاں کارکردگی والے 200سے زائد طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ، اعزازی شیلڈز اور انعامات دیئے گئے منعم ظفر خان نے نارتھ ناظم آباد ٹائون کے تحت یوسی 8فتح پارک میں پھولوں کی نمائش کے دوسرے دن کا افتتاح کیا، ٹائون کی ٹیم کو مبارکباد دی

اتوار 16 فروری 2025 18:55

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ وطن عزیز میں محنتی و باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں بلکہ دیانت دار و اہل قیادت کی کمی ہے جوان باصلاحیت لوگوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آگے لائے اور ملک و قوم کو تعمیر و ترقی کی راہ پر ڈالے، ملک میں 2کروڑ 62لاکھ اور سندھ میں 73لاکھ بچے ایسے ہیں جنہیں اسکولوں میں ہونا چاہیئے تھا لیکن حکمرانوں نے انہیں تعلیم سے محروم کیا ہواہے، تعلیم صرف امیر گھرانوں اور حکمرانوں کی اولادوں کے لیے رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے 17سال میں شعبہ تعلیم کا بھی بیڑا غرق کیا ہے، جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا ہے ہم نے وسائل اور اختیارات سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے، نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی میں 32نئے کالج قائم ہوئے اور سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر ہوئی، ہمارے موجودہ ٹاؤن چیئر مینوں نے بھی ٹاؤن کے تحت چلنے والے اسکولوں کا انفرا اسٹرکچر بہتر کر کے اساتذہ و طلبہ کو سہولیات فراہم کیں ہیں اور اب ان اسکولوں میں داخلے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ ’’شائنگ اسٹار ٹیلنٹ ایوارڈ‘‘ کی تقریب سے بحیثیت مہمان ِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے جماعت اسلامی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئر مین نصرت اللہ، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے سابق صدر بابر خان، سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ، ڈائیریکٹر ایجوکیشن محمد ندیم حنیف ،میمن کمیونٹی کے رہنما عبدلرؤف عیسیٰ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مدارس سمیت میٹرک اور انٹر میں پوزیشن حاصل کرنے والے 200 سے زائدطلبہ و طالبات کولیپ ٹاپس، ایوارڈز اور انعامات دیئے گئے، تقریب میں طلبہ و طالبات کے والدین، مختلف اسکولز کے اساتذہ، سماجی و کاروباری شخصیات، ٹاؤن اور یوسیز کی منتخب قیادت اور اہالیان گلبرگ ٹاؤن کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بچوں اور نوجوانوں کے لیے تعلیم کے مواقع نا پید کرتی جارہی ہے، ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کا پرچہ لیک اور بد انتظامی معمول بن گئی ہے، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے داخلوں سے کراچی کے طلباء کا حق مارا جارہا ہے، انٹر کے امتحانات کے نتائج پر بھی ہر سال تنازع کھڑا ہو جاتا ہے، فرسٹ ائیر کے حالیہ نتائج میں کراچی کے 49ہزار طلبہ کسی نہ کسی پرچے میں فیل قرار دیئے گئے اور ان میں ایسے طلبہ بھی ہیں جن کا میٹرک میں Aاور A1گریڈ آیا تھا۔

جماعت اسلامی نے اس سال اور اس سے پہلے کراچی کے طلبہ کا مقدمہ لڑا ہے اور آئندہ بھی کراچی کے عوام اور نوجوانوں کے حق کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔ ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے سندھ حکومت کی رکاوٹوں اور اختیارات و وسائل نہ دینے کے باوجود ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں ٹاؤنز میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے ہیں 125پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد اور بحال کیاہے،40ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگوائیں اور ٹاؤن کے بجٹ سے پانی و سیوریج کے مسائل بھی حل کروائے ہیں، منعم ظفر خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ 3.2بلین ہے جبکہ سنگاپور کی 160بلین ہے، جماعت اسلامی نے’’بنو قابل پروگرام‘‘کے ذریعے کراچی کے تقریباً50ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے ہیں اور یہ نوجوان اپنے گھر والوں کا سہارا بنے ہیں، مفت آئی ٹی کورسز کا سلسلہ جاری ہے اور ’’بنو قابل 4.0‘‘کے تحت پونے دو لاکھ طلبہ و طالبات رجسٹریشن کرواچکے ہیں، جماعت اسلامی تعلیم کے میدان میں عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نارتھ ناظم آباد ٹائون کے تحت یوسی 8فتح پارک میں پھولوں کی نمائش کے دوسرے دن کا افتتاح کیا ، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ، نارتھ ناظم آباد ٹائون کی پوری ٹیم کو نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت اور صحت مند سرگرمیاں جاری رکھیں گے ، اس موقع پر وائس ٹائون چیئر مین نارتھ ناظم آباد ضیاء الدین جامعی ، وائس چیئر مین یوسی 8ذوالفقار احمد ، ناظم علاقہ مشیر السلام اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔