جمعیت علماء پاکستان سندھ کی تنظیم سازی اور الیکشن کے سلسلے میں اجلاس

منگل 18 فروری 2025 23:38

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء)جمعیت علماء پاکستان سندھ کی تنظیم سازی اور الیکشن کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد ہوا ،اجلاس میں خصوصی طور پر سالار جمعیت صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے شرکت کی ،شرکاء اجلاس کی جانب سے مشترکہ طور پرسندھ کی تنظیم سازی کیلئے آرگنائیزر کمیٹی کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق چیئرمین حاجی عبدالرزاق سانگانی ، اراکین میں مشرف محمود قاری سکھر، منظورعلی سہڑو نعیمی لاڑکانہ ، ندیم قریشی ٹنڈو الہیار، مفتی غوث صابری کراچی ، علامہ قاری فیاض احمد سعیدی نورانی ،کراچی ، شیر محمد نورانی کراچی ، تقریب میں مرکزی و مقامی رہنمائوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر سالار جمعیت صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے خصوصی خطاب کے دوران کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں جمعیت علماء پاکستان ہی واحد جماعت ہے جو پاکستان کی سالمیت ، استحکام اور بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے ، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہے کہ جمعیت علماء پاکستان نے ہی ایک نظریئے کی بنیاد رکھی تھی اور اسکا مقصد نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کو یقینی بناناہے ، ماضی کی غلطیوں کو اچھالنے کے بجائے ایک نئے عزم و حوصلوں کیساتھ اپنی جدوجہد کو آگے بڑھا کا وقت آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

سالار جمعیت نے اپنے والد بزرگوار امام شاہ احمد نورانی رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آمریت اور جابرو ںو غاضبوں کا مقابلہ کیا ، جے یو پی جب اسمبلی میں تھی تب ملک کو ایک مشترکہ آئین دیا جو آج بھی ہمارے قومی و اسلامی تشخص کی بنیاد ہے اب وقت آگیا ہے کہ ہم آئین پر عمل کرکے ملک میں امن و امان ،استحکام اور اسلامی قدر کو فروغ دینے کیلئے عملی جدوجہد کریں ، انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ جماعت کو ہر سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور آئندہ انتخابات میں قومی ، مذہبی اور نظریاتی ذمہ داری پوری کرے، اختتام تقریب ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی شرکاء کی جانب سے جمعیت علماء پاکستان کو ہر سطح پر مزید مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ۔