لاہور پریس کلب کے زیراہتمام مادری زبانوں کے عالمی دن پر دوسرا پنجاب فیسٹیول جمعہ کومنعقد ہو گا

جمعرات 20 فروری 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کے زیراہتمام آرٹ ،کلچر اینڈ ٹیکنالوجی کمیٹی پریس کلب نے 21 فروری جمعہ کو مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر دوسرا پنجاب فیسٹیول منانے کا اہتمام کیا ہے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری میلے کا افتتاح کریں گے۔ اس میلے کے بہت سے شیڈز ہیں۔کلب کے صحن میں پنجابی کتاب میلہ سجایا جارہا ہے جس میں پاکستان پنجابی ادبی بورڈ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر(پلاک) ، ادارہ پنجابی مرکز،ادارہ پنجابی زبان تے ثقافت، سانجھ پبلی کیشنز ، کتاب ترنجن ، بابا فرید فائونڈیشن، سلیکھ بک میکرز اور سچیت کتاب گھر کتاب میلے میں سٹالز لگائیں گے۔

کتابوں کی خریداری پر 50فیصد تک رعایت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پنجابیوں کا ڈیرہ چودھری عرفان بھنڈر اور ان کے ساتھی سجائیں گے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ہوگا۔پنجابی شاعری کی صنف بولیاں گانے والے نذر عباس کلب کے صحن میں اپنے رنگ میں بولیاں گائیں گے۔ ڈانسر ولید کامران گیتوں پر پرفارم کریں گے۔پنجابی راوینز کے ڈیرہ کو ندیم شیخ سجائیں گے جہاں نامور راوینز میلے کی رونق کو دوبالا کریں گے۔

نثار عثمانی ہال میں نامور پنجابی دانشوروں کی گلاں باتاں کے عنوان سے تقریب منعقد ہوگی ، جس کے سٹیج سیکرٹری علی عثمان باجوہ ہیں۔ ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان،افضل ساحر، مدثر اقبال بٹ، پروین ملک چودھری الیاس گھمن اور امجد سلیم منہاس مختلف موضوعات پر گفتگو فرمائیں گے۔شوبزکے رنگ میلے کے سنگ میں گلوکار اور گٹارسٹ سجاد طافو . عباس جٹ ، عینی طاہرہ ، شان اختر علی ، زین راحت ،حسنین بابا گروپ ، فلک اعجاز، اسلم باہو اور ظفر لوہاراپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

تھیٹر ٹائم میں اوپن ائیر تھیٹر شملہ پہاڑی پر 7 بجے شام ناٹک "اکھیاں والیو"پیش کیا جائے گا جس کے لکھاری ولیم پرویز اور ڈائریکٹر عامر نواز ہیں اس کھیل کو ماس فائونڈیشن پیش کرے گی۔ رات 8بجے چاچا رفیق میر پارک میں بابا نجمی کی زیر صدارت ہونے والے مشاعرہ میں عباس مرزا، ارشد منظور، افضل ساحر، ویر سپاہی، نصیر احمد، صابر علی صابر، طاہرہ سرا،صغیر احمد صغیر، مرلی چوہان، احمد نعیم ارشد، صابر ناز، حکیم ارشد شہزاد اور اصغر بھٹی شامل ہیں۔