پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے الیکشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کردیا

عالیہ حمزہ نے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، میرے انتخابی عذرداری کیس کی سماعت حاضر سروس جج کے ٹریبونل میں بھیجی جائے،عدالت سے استدعا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 21 فروری 2025 12:40

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2025)پاکستان تحریک انصاف کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے الیکشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کردیا، عالیہ حمزہ نے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی،پی ٹی آئی رہنماء عالیہ حمزہ نے درخواست میں استدعا کی ہے میرے انتخابی عذرداری کیس کی سماعت حاضر سروس جج کے ٹریبونل میں بھیجی جائے۔

میرے حلقہ میں دھاندلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل تبدیل کیا جائے۔درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے آرڈرزکے باوجود جج صاحب حمزہ شہباز کے وکیل اور آر او سے الیکشن نتائج مانگنے کو تیار نہیں۔ میں اپنے حلقے کے عوام کا حق لے کر رہوں گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے این اے 118 میں حمزہ شہباز کی کامیابی کے خلاف عالیہ حمزہ کی درخواست کے قابل سماعت پر ہونے پر دلائل طلب کئے تھے۔

(جاری ہے)

عالیہ حمزہ کے وکیل نے دائر نئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھاکہ حمزہ شہباز فارم 45 اور فارم 47 الیکشن ٹریبونل میں جمع کروائیں۔ الیکشن کمیشن 8 فروری کو الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر اپلوڈ ہونے والے فارم 47 اور 45 کی مصدقہ کاپیاں فراہم کی جائیں۔ ٹربیونل کی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ مجھے آج تک فارم 45 یا فارم 47 نہیں ملاتھا۔

لوگوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔مجھے میری سیٹ دی جائے۔ اگر آپ جیتے ہیں تو کیوں فارم 45 فارم 47 نہیں دیئے جا رہے تھے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سڑکوں کی سیاست بھی کرنا جانتے تھے لیکن تصادم نہیں مفاہمت کی ضرورت تھی اور اگر مفاہمت کرنی تھی تو پرچے کیوں درج کئے جا رہے تھے۔میں نے اپنا مقدمہ ہر عدالت میں لڑا تھا۔ کیا فارم 45، 46، 47 کی کاپیاں دینا میرا حق نہیں تھا؟ آر او کو کیوں پیش نہیں کیا جاتا؟ ہم انصاف کی بات کرتے ہیں تو جواب آتا ہے کہ درخواست گزار بات نہیں کر سکتی تھی۔لوگ بکے نہیں تھے بلکہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے۔ عہدہ ایک ذمہ داری ہے اور میرا عہدہ وغیرہ پی ٹی آئی کے نام تھا۔