بھکر ،گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کی ایف ایس سی ایف اے دا خلہ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، پرنسپل

جمعہ 21 فروری 2025 17:54

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2025ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں پری ایف ایس سی اور پری ایف اے کلاسز میں داخلے کے لیے مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ کالج کے معزز استاد پروفیسر سید رحیم عباس شاہ کی محنت، لگن اور شبانہ روز کاوشوں نے اس مہم کو مزید مؤثر اور کامیاب بنا دیا ہے۔ میٹرک امتحانات کے فوراً بعد پری کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا، جہاں ماہر اور تجربہ کار اساتذہ تدریس کے فرائض انجام دیں گے۔

طلبہ کو جدید اور آرام دہ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل ایئر کنڈیشنڈ کلاس رومز، جدید سائنسی لیبز، ڈیجیٹل لرننگ کی سہولت، وسیع لائبریری، کھیل کے میدان، ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔دا خلہ مہم کے سلسلے میں پروفیسر سید رحیم عباس شاہ نےگورنمنٹ ہائی سکول بھلمانہ، معراج پبلک سکول نوتک، اقرا پبلک سکول نوتک، گورنمنٹ ہائی سکول پیراصحاب، گورنمنٹ ہائی سکول رضائی شاہ، گورنمنٹ ہائی سکول گڈولہ، اور گورنمنٹ ہائی سکول کہاوڑکلاں کادورہ کیا۔

(جاری ہے)

یہ دورہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر پروفیسر نعیم الحق چودھری کے وژن کے مطابق فروغِ تعلیم مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد طلبہ کو پری کلاسز میں داخلے اور کالج کی شاندار تعلیمی سہولیات سے آگاہ کرنا ہے۔پروفیسر سید رحیم عباس شاہ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے حالیہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پوزیشن ہولڈرز پیدا کرکے اپنے تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا ہے۔

انہوں نے طلبہ کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہاں انہیں بہترین تعلیمی ماحول، تربیت یافتہ اساتذہ اور جدید سہولیات میسر آئیں گی جو ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔انھوں نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ داخلے کے خواہشمند طلبہ جلد از جلد اپنا اندراج کروائیں تاکہ وہ معیاری تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔\378