Live Updates

اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے سے متعلق غور کیا جا رہا ہے، شبلی فراز

اگلے دو چار دنوں میں کیمپ لگانے سے متعلق حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا، ہم نے عدلیہ، پارلیمنٹ اور جلسے جلوس کے ذریعے ہی جدوجہد کرنی ہے، رہنماء پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 فروری 2025 14:35

اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے سے متعلق غور کیا جا رہا ہے، شبلی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25فروری 2025)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے سے متعلق غور کیا جا رہا ہے اور اگلے دو چار دنوں میں احتجاجی کیمپ لگانے سے متعلق حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا، ہم نے عدلیہ، پارلیمنٹ اور جلسے جلوس کے ذریعے ہی جدوجہد کرنی ہے،اسلام آباد کی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے پر غور کر رہی ہے۔

غلط بیانیے کے ذریعے ملک میں استحکام دکھایا جا رہا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلوں پرعملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔جیل کے باہر ہمارا دھرنا پرامن ہوگا ۔ ہم اپنے مطالبات کے حق کیلئے ہرفورم پر آواز بلند کرینگے۔پارٹی کے اندر احتجاجی کیمپ لگانے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق بات ہونے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایسی رہائی نہیں چاہتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں انصاف ملے۔

سب لوگوں کا عدالتوں میں ٹرائل ہوا واحد بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں جن کا جیل ٹرائل ہو رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے تحریک کی قیادت کرنے اور پی ٹی آئی کی جانب سے ان کا ساتھ دینے اس مقصد کیلئے کوئی بھی ہمارے ساتھ آئے تو ہم ساتھ دیں گے۔ہم اس وقت تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد میں تمام جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کیلئے شمالی پنجاب کے صدر کو ہدایات جاری کیں تھیں۔انہوں نے شمالی ریجنل صدر کوکیمپ لگانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دیں تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی کیمپ کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ اڈیالہ جیل کیمپ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کارکنوں کے ہمراہ دھرنا دیا جائیگا۔

چیف آرگنائزر نے پارٹی رہنماﺅں کوہدایات دیتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقاتوں کی بحالی تک اڈیالہ جیل کے باہر کیمپ لگا کر دھرنا دیا جائے۔چیف آرگنائزر پنجاب نے تمام ریجنل صدور مشاورت سے دھرنے کے دنوں کو مختص کر نے کی ہدایات بھی جاری کیں تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات