علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے آن لائن بُک سٹورکا آغازکردیا

منگل 25 فروری 2025 16:46

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے آن لائن بُک سٹورکا آغازکردیا
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (اے آئی او یو ) نے اساتذہ، محققین اور طلبہ کے لیے تعلیمی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے آن لائن بُک سٹور کا آغاز کر دیا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر حیدرآباد کیمپس عطا حسین موسوی نے بتایا کہ آن لائن بُک سٹور میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک کے تمام تعلیمی پروگراموں کے نصابی کتب دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

اس جدید پلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ گھر بیٹھے آسانی سے کتابیں خرید سکتے ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ تعلیمی مواد کی دستیابی بھی مزید سہل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے آن لائن بُک سٹور کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں مرکزی کیمپس میں ایک فزیکل بُک سٹور بھی قائم کیا ہے، جس سے طلبہ اپنی سہولت کے مطابق آن لائن یا آف لائن خریداری کر سکتے ہیں، آن لائن خریداری کے لیے صارفین کو پیشگی ادائیگی کرنا ہوگی، جس کے بعد یونیورسٹی ان کے آرڈرز پاکستان پوسٹ کے ذریعے روانہ کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف اساتذہ اور محققین بلکہ کتابوں کے شوقین افراد کو بھی فائدہ پہنچانا ہے، جس سے علم اور تعلیم کی فراہمی کو ہر دروازے تک ممکن بنایا جا سکے گا۔