Live Updates

قومی ٹیم میں 7 سے 8 کھلاڑیوں کا بلیک میلر گروپ، کرکٹ بورڈ بھی بے بس

7 سے 8 لڑکوں کا گروپ کئی باتیں منوانے کیلئے بلیک میلنگ کرتا ہے، ان کی مضبوط لابنگ بورڈ کیلئے مشکلات پیدا کرتی ہے : ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 فروری 2025 12:38

قومی ٹیم میں 7 سے 8 کھلاڑیوں کا بلیک میلر گروپ، کرکٹ بورڈ بھی بے بس
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم میں 7 سے 8 کھلاڑیوں کے بلیک میلر گروپ کا انکشاف ہوا ہے ، بورڈ حکام اور محسن نقوی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ٹیم میں مخصوص گروپ کا خاتمہ کرنا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر 7 سے 8 لڑکوں کا گروپ کئی باتیں منوانے کیلئے بلیک میلنگ کرتا ہے، ان کی مضبوط لابنگ بورڈ کیلئے مشکلات پیدا کرتی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ حکام مستقبل کے لائحہ عمل پر سوچ وبچار میں مصروف ہیں ۔ 
ماضی کے ریکارڈز پر مسلسل کھیلنے والے سینئرز کا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے۔ بابر اعظم ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف جیسے سینئرز کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہورہی ہے، مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہرکا مستقبل بھی شدید خطرات سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

 
ماہرین سوال اٹھا رہے ہیں کہ گزشتہ تین سالوں میں4چیئرمین ،8کوچز اور 26 سلیکٹرز تبدیل ہوچکے ہیں۔ تو پھر سینئر کرکٹرز ناکام ہونے کے باوجود ٹیم کا حصہ کیوں ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کی پندرہ رکنی ٹیم کے اعلان کے بعد پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کو کم از کم دو بار اسکواڈ پر نظرثانی کی تجویز دی گئی لیکن سلیکٹرز اور کپتان محمد رضوان نے کان نہ دھرے، سلیکٹرز بعض معاملات پر سخت مؤقف رکھتے ہیں۔

 
حد درجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کے کہنے پر سلیکٹرز نے قومی اکیڈمی کے بورڈ روم میں ڈیڑھ گھنٹے کی پہلی میٹنگ کی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، انہیں 2 سے 3 کھلاڑی تبدیل کرنے اور ایک اضافی اسپنر کو شامل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ 
بھارت کے میچ سے قبل پی سی بی حکام نے سلیکٹرز اور کپتان کو کہا کہ امام الحق کی جگہ عثمان خان کو اوپنر کی حیثیت سے کھلایا جائے کیوں کہ عثمان خان نے زیادہ تر کرکٹ امارات میں کھیلی ہے، اس بار بھی محمد رضوان اور سلیکٹرز نے سخت مؤقف کے ساتھ رائے تبدیل نہیں کی ۔

 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت چیئرمین کی تمام تر توجہ چیمپئنز ٹرافی پر ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کو وائٹ بال سیریز کیلئے نیوزی لینڈ جانا ہے، پہلا ٹی ٹونٹی میچ 16مارچ کو کرائسٹ چرچ میں ہوگا ۔ 
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فوری اکھاڑ پچھاڑ ممکن نہیں ہے لیکن ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔ سلیکشن کمیٹی اور دیگر اہم عہدوں پر تبدیلی کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد ہوگا۔ 
ہیڈ کوچ عاقب جاوید قومی اکیڈمی میں ڈائریکٹر کے عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ موجودہ ڈائریکٹر اکیڈمی ندیم خان اگلے ماہ ایک پی ایس ایل فرنچائز کو جوائن کرلیں گے۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات