خیبرپختونخواہ حکومت کا اوورسیز پاکستانی مزدوروں کو صحت کارڈ کی سہولت دینے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے خیبرپختونخواہ کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 27 فروری 2025 11:49

خیبرپختونخواہ حکومت کا اوورسیز پاکستانی مزدوروں کو صحت کارڈ کی سہولت ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری 2025ء ) خیبرپختونخواہ حکومت نے اوورسیز پاکستانی مزدوروں کو صحت کارڈ کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے خیبرپختونخواہ کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کی سہولت کے سب سے زیادہ مستحق اوورسیز پاکستانی ہیں، اس سہولت کے تحت لیبر ویزے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی علاج کروا کر میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجیں گے، میڈیکل رپورٹ کی تصدیق ہونے کے بعد اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں جرمن تنظیم ’کے ایف ڈبلیو‘ کے تعاون سے صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، میڈیکل ٹیسٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس حوالے سے خیبرپختونخواہ اب پاکستان کا پہلا صوبہ بن چکا ہے، پہلے مرحلے میں یہ سکیم ضلع مردان میں شروع کی گئی ہے جہاں 50 ہزار مستحق خاندان مستفید اس سے ہوں گے، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ کے شہریوں کو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت کا کسانوں کو مفت بیج فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 7 اضلاع میں کسانوں کومفت بیج دیئے جائیں گے، جن میں پشاور، سوات، دیر، نوشہرہ، ڈی آئی خان، مردان اور چارسدہ شامل ہیں جہاں کسانوں میں گندم، چاول، مکئی اور دیگر اجناس کے بیج مفت تقسیم کیے جائیں گے، کسانوں کو بیج اضلاع کے درجہ حرارت اور ماحول کے مطابق دیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں خیبرپختونخواہ کے 4 لاکھ 53 ہزار کسان اس سے مستفید ہوں گے۔