ٹی ایل پی قیادت نے اپنے کارکنوں کو پولیس پر حملوں پر اکسایا،احتجاج میں جھوٹی لاشوں کا ڈرامہ رچایا گیا‘ عظمیٰ بخاری

منگل 21 اکتوبر 2025 18:51

ٹی ایل پی قیادت نے اپنے کارکنوں کو پولیس پر حملوں پر اکسایا،احتجاج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کی قیادت اپنے کارکنوں کو پولیس پر حملوں کے لیے اکساتی رہی جبکہ اسلحے کے زور پر پولیس کی گاڑیاں چھیننے جیسے واقعات پیش آئے جنہیں کسی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنگے فساد کو اسلام اور فلسطین کے نام پر جواز دینا نہ صرف گمراہ کن بلکہ مذہب کے تقدس کے ساتھ کھلواڑ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ ٹی ایل پی کے احتجاج میں جھوٹی لاشوں کا پروپیگنڈا کیا گیا تاکہ عوامی ہمدردی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست نے ٹی ایل پی سے متعلق جو فیصلے کیے ہیں، ان پر مکمل طور پر عملدرآمد جاری ہے اور وفاق ایک دو دن میں ٹی ایل پی کے متعلق بھیجی سمری پر فیصلہ کریگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی فساد یا انتشار کا ایندھن بننے سے روکیں۔ایسے نوجوان جو تشدد یا تخریب کاری میں ملوث پائے گئے، انہیں کسی ادارے میں داخلہ، ویزہ یا حکومتی سہولت نہیں دی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ سعد رضوی کے گھر سے سونا، نایاب گھڑیاں، قیمتی اشیا اور بے نامی جائیدادوں کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں جبکہ ان کے پچانوے بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ایل پی کو مالی یا سیاسی سہولت دینے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔عظمی بخاری نے کہا کہ مساجد و مدارس کا نظم و نسق محکمہ اوقاف کے زیرِانتظام لایا جا رہا ہے تاکہ کسی گروہ کو مذہب کے نام پر عوام کو بھڑکانے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کی ایک سو تیس مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں، اور دو سو تئیس مدارس کی جیوٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ باباجی کی قبر کو کہیں منتقل نہیں کیا جا رہا، البتہ اس نام پر چندہ اکٹھا کرنے یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ذہنیت کے خلاف کارروائی جاری ہے، کسی مسلک یا فرقے کے خلاف نہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ٹی ایل پی اور تحریک فساد ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ دونوں مذہب کے تقدس کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکارِ دو عالم ﷺ نے کسی کو تکلیف دینا تو دور، بددعا تک نہیں دی۔ ایسے میں مذہب کے نام پر خون بہانے والے خود کو عاشقِ رسول کہلانے کے اہل نہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں پریشر گروپس بنیں۔ جو امن و استحکام کے خلاف سازش کرے گا، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وعدوں کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔

پندرہ اضلاع میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد کے چیکس کی تقسیم شروع ہو چکی ہے، جبکہ عوامی سہولت کے لیے تینتیس موبائل پولیس اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ خواتین کے مقدمات کے اندراج کو آسان بنانے کے لیے سات پنک موبائل اسٹیشنز بھی فعال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے صحت کی سہولت دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے، ویسے ہی انصاف اور قانون کی رسائی بھی عوام تک یقینی بنائی جا رہی ہے۔