آبادی بم پھٹنے کے قریب، پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح خطے میں سب سے زیادہ

منگل 21 اکتوبر 2025 18:44

آبادی بم پھٹنے کے قریب، پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح خطے میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2025ء) پاکستان میں آبادی میں خطرناک حد تک تیز رفتار اضافہ جاری ہے، جس نے ملک کو وسائل کی شدید قلت اور سماجی و معاشی دباؤ کی دہلیز پر لا کھڑا کیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق 2017 سے 2023 کے دوران پاکستان میں آبادی میں سالانہ اوسط 2.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو جنوبی ایشیا کے دیگر تمام ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

دستاویز کے مطابق بھارت میں اسی عرصے کے دوران آبادی میں اضافے کی شرح محض 0.80 فیصد رہی، جبکہ بنگلہ دیش میں 1.22، ایران میں 0.72، سری لنکا میں 1.10 اور بھوٹان میں 0.64 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان کے اندر صوبائی سطح پر بھی آبادی میں اضافے کے رجحانات میں نمایاں فرق دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان اس حوالے سے سرفہرست رہا، جہاں 2017 سے 2023 کے دوران سالانہ آبادی میں 3.20 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔

سندھ میں 2.57 فیصد اور پنجاب میں 2.53 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔خیبرپختونخوا میں آبادی کے اضافے کی شرح میں بتدریج کمی دیکھی گئی۔ 2017 میں کے پی میں شرح 2.89 فیصد تھی جو 2023 میں کم ہو کر 2.38 فیصد رہ گئی۔ماہرین آبادیات اور پالیسی سازوں نے اس رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی نہ اپنائی گئی تو ملک کو مستقبل میں تعلیم، صحت، روزگار اور خوراک جیسے شعبوں میں سنگین بحرانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔