پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنا، کرغزستان کی ترجیحات میں ہے،کرغز سفیر

جمعہ 28 فروری 2025 16:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) کرغزستان کے سفیرآواز بیگ اتاخانوف نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ،نائب صدر طارق جدون،چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک،ایڈوائزر ٹو پریذیڈنٹ افشاں ملک،ایڈوائزر ٹو پریذیڈنٹ شیخ پرویز، کنوینئر ڈپلومیٹک کمیٹی محمداحمد، چیئرمین کوآرڈنیشن ملک سہیل و دیگر نے کرغز سفیر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کرغز سفیر نےکہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنا، کرغزستان کی ترجیحات میں ہے،اس سال دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ اکنامک کمیشن کا قیام متوقع ہے،پاکستان اور کرغزستان برادر ممالک ہیں دونوں ممالک کلچر، ثقافت میں جڑے ہوئے ہیں اور جیوگرافیکلی پاکستان اور کرغزستان قریب ہیں یہاں تک کہ اسلام آباد سے بشکک کا فلائٹ ٹائم کراچی سے کم ہے،ایف پی سی سی آئی بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات قائم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کرغز سفیر نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان بزنس کو نسل دونوں ممالک کی تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنے میں کردار ادا کرے گی۔گزشتہ سال میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت16 ملین ڈالر تھی جسے بڑھانا چاہتے ہیں، 18ہزار پاکستانی طلبا کرغزستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ہم نے چین کے ساتھ تجارت کو 22ارب ڈالر سالانہ تک پہنچایا ہے۔سی پیک منصوبے میں بہترین ہائی ویز ہیں ،سی پیک سنٹرل ایشیائی ممالک کیلئے سستا روٹ ہوگا۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرکوں کو افغانستان سے گزرنا پڑتا ہے،گزشتہ 40 سالوں میں سوویت یونین سے آزادی سمیت متعدد انقلابات آئے، کرغزستان سے پاکستان کے درمیان ڈائرکٹ فلائٹس ہیں،کاسا 1000 پر پاکستان کے ساتھ کام جا ری ہے، ہم نے گزشتہ چندسالوں میں جی ڈی پی کی شرح کو تین گنا بڑھایا ہے، کرغزستان پن بجلی سے مالا مال ہے ،گرمیوں میں سرپلس بجلی پاکستان کو دے سکتے ہیں۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان دونوں کو مشترکہ مفادات کے تحفظ اور کاروباری تعلقات میں اضافہ کرنا ہوگا،دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لئے بینکنگ چینلز بنانا ہوں گے دونوں ممالک کے درمیان اہم تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔پاک کرغز بزنس کونسل کے صدر مبارک رحیم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرغز سفیر پاکستانی زبانوں کو سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،دونوں ممالک کیلئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانا ضروری ہے،کرغز سفیر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔