حکمرانوں نے ملک کے آئین و قانون میں ترامیم کرکے مظلوم طبقات خصوصا اقیتوں کو نظر انداز کیا ہے،اکمل بھٹی

پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کی جنگ جاری رکھیں گے شہباز بھٹی شہید کے مشن کی کی تکمیل کریں گے،آصف جان

اتوار 2 مارچ 2025 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2025ء)مینارٹیز الائنس پاکستان کے یوم تاسیس اور شہباز بھٹی شہید کے چودہویں یوم شہادت پر مینارٹیز الائنس پاکستان اسلام آباد کے زیر اہتمام شہباز بھیٹی کی جائے شہادت پر ان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شمع افروزی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے مینارٹیز الائنس پاکستان کے مرکزی چئیرمیں اکمل بھٹی نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینارٹیز الائینس پاکستان عدم وانصاف مذہبی آزادی مستحکم جمہوریت حق رائے دہیاور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا حکمرانوں نے ملک کے آئین و قانون میں ہونے والی ترامیم میں محکوم پسماندہ اور خصوصا اقلیتوں کو نظر انداز کیا ہے،عدلیہ میں ہونے والی تقرریوں، سمیت جوڈیشل کمیشن میں کسی اقلیتی فرد کو نمائیندگی نہیں دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہباز بھٹی قائداعظم کے لبرل اور سیکولر سوچ اور امن اور مستحکم پاکستان کی علامت تھے۔ انہوں نے بیرونی دنیا میں پاکستان کا بہتر اور شفاف چہرہ پیش کیا ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،شہباز بھٹی کے مشن کو پورا کریں گے۔ آصف جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی پاکستان کی اقلیتوں کو یکساں حقوق دیکر قومی دھارے میں شامل کرنے میں ہی مضمر ہے۔

انہوںنے کہا کہ مینارٹیز الائینس پاکستان کا یہ مطالبہ ہے کہ آئین پاکستان میں پاکستانی قوم کو تقسیم اور تفریق پیدا کرنے والی شقوں میں ترامیم کرکے اسے اقوام متحدہ کے عالمی چارٹر کے مطابق تشکیل دیا جائے، جبری تبدیلی مذہب کو قانون سازی کرکے روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی اور شہید شہباز بھٹی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مشن کی تکمیل کریں گے ۔آخر میں ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔