پنجاب یونیورسٹی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مابین مفاہمتی معاہدہ

منگل 4 مارچ 2025 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2025ء)پنجاب یونیورسٹی اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ حکومت پنجاب کے ساتھ ورکنگ ہیومن کیپیٹل کی رجسٹریشن اور آئی ٹی سسٹم کے ذریعے پنجاب یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لئے معاہدہ طے پاگیا ۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں ہوا ۔

تقریب میں وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر آپریشنز آئی ٹی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عاطف حسین، ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سینٹر ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر یامینہ سلمان و دیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق پنجاب یونیورسٹی طلباء کو پنجاب جاب سنٹر پورٹل میں رجسٹر ہونے کی ترغیب دے گی اور موجودہ طلباء اور سابق طلباء کے دستیاب ڈیٹا کے ساتھ ڈیٹا بیس کے انضمام کے لیے پی آئی ٹی بی کے ساتھ تعاون کرے گی۔

پنجاب یونیورسٹی جاب فیئر ، ٹیلنٹ ہنٹ سمیت کسی بھی سرگرمی کی منصوبہ بندی کی صورت میں پی آئی ٹی بی کو مطلع کرے گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈطلباء کو رجسٹریشن اور اس کے فوائد سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرے گااور فراہم کردہ ڈیٹا کی رازداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ پی آئی ٹی بی پراجیکٹ کی سرگرمیوں کی بروقت تکمیل ،رپورٹس کو برقرار رکھنے اور پراجیکٹ کی سرگرمیوں کا ریکارڈ رکھنے کی نگرانی کو یقینی بنائے گا۔

دونوں فریق مشترکہ مفادات اور مقاصد کے لیے متحد ہوکر رابطے اور تعاون کو فروغ دیں گے ،جو ان کے متعلقہ کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔ فریقین ایک دوسرے کو ممکنہ مواقع سے آگاہ رکھیں گے اور وہ تمام معلومات شیئر کریں گے جو ایک دوسرے کے لیے اضافی مواقع کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہو سکتی ہیں۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ایم او یو طلباء کے لیے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پنجاب یونیورسٹی کے متعدد آئی ٹی گریجویٹس کلیدی عہدوں پر کام کر رہے ہیں جو کہ فخر کی بات ہے۔