وزیراعظم کی صنعتوں میں درکار ہنر اور تربیتی پروگرامز کے منصوبے کی منظوری

باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں؛ شہباز شریف کا اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 مارچ 2025 14:19

وزیراعظم کی صنعتوں میں درکار ہنر اور تربیتی پروگرامز کے منصوبے کی منظوری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں میں درکار ہنر اور تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت قومی یوتھ روزگار پلان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے مقامی صنعتوں سے مسلسل روابط اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی کھپت کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی اور ماہانہ جائزہ اجلاس کی خود صدارت کرنے کا فیصلہ کیا، وزیرِ اعظم نے مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے ایک جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

بتایا گیا ہے کہ شہبازشریف منصوبے پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں گے، وزیراعظم نے مقامی صنعتوں میں درکار ہنر سے متعلق جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کی فراہمی سے افرادی قوت کی برآمد کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اجلاس مین وزیر اعظم کو آئندہ 4 برس میں مختلف اداروں کے ذریعے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا کہ آئندہ 4 برس میں 24 لاکھ سالانہ سے لے کر 60 لاکھ سالانہ تک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی سے روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی، ڈیجیٹل یوتھ حب حتمی مراحل میں ہے جس کا اجرا رواں ماہ میں کر دیا جائے گا، جس پر وزیراعظم کی جانب سے متعلقہ وزارتوں و اداروں کی اس حوالے سے کاوشوں کی تعریف کی گئی۔