کھاریاں،نگہبان رمضان پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو 10ہزار روپے گھروں تک پہنچانے کا عمل جاری

جمعرات 6 مارچ 2025 17:40

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پرنگہبان رمضان پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو 10ہزار روپے کے پے آرڈرز ان کے گھروں تک عزت و تکریم کے ساتھ پہنچانے کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ضلع بھر میں سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹرڈ مستحق افراد میں یہ مالی معاونت شفاف طریقے سے تقسیم کی جا رہی ہے، تاکہ انہیں کسی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے کہا کہ ریونیو فیلڈ اسٹاف مستحق خاندانوں کے گھروں تک جا کر پے آرڈرز تقسیم کر رہے ہیں، تاکہ ضرورت مند افراد بینک یا دیگر دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچ سکیں۔ انہوں نے مستحق افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے پے آرڈرز کے ذریعے پوری رقم 10 ہزار روپے حاصل کریں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ امدادی رقم میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جا رہی، اور اگر کوئی ریٹیلر، موبائل شاپ مالک یا موبائل کمپنی کا نمائندہ کسی بھی قسم کی رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس میں اطلاع دی جائے، تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق، امداد کی شفاف ترسیل اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں، تاکہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔